254

کالاش قبیلے کے لوگ تمام یونیورسٹیز اور محققین کیلئے انتہائی دلچسپی کے حامل ہیں ۔کیونکہ یہ لوگ دنیا میں اپنی منفرد تہذیب و ثقافت اور مقام رکھتے ہیں، مسٹر ڈومینیکو بروزون

چترال ( محکم الدین محکم ) ڈائریکٹر اٹالین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کو آپریشن مسٹر ڈومینیکو بروزون ( Mr. Domenico Bruzzone)نے کہا ہے ۔ کہ پاکستان اور اٹلی کے بہت مضبوط تعلقات ہیں ۔خاص کر ناردرن ائریاز اور چترال کے ساتھ تعلقات اس بنا پر گہرے ہیں ۔ کہ اس ریجن میں اطالوی کوہ پیماؤں نے کئی مرتبہ مہم جوئی کی ۔ اور یہاں پر موجود ہندوکُش کی چوٹی سمیت کئی چوٹیوں کو سر کرنے کیلئے اس علاقے کا رخ کیا ۔ جس سے ہم ایک دوسرے کے بہت قریب آگئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز لوکل سپورٹ آرگنائزیشن اے وی ڈی پی ( ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام) کے دفتر کی وزٹ کے موقع پر بورڈ آف ڈائریکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انُ کے ہمراہ اُن کی اہلیہ مس ماریہ ویٹوریہ سیکریلو ( Ms . Maria Vitoria Saccarello) اٹالین کنسلٹنٹ (Ms.Paola Manfredi) پی پی اے ایف کے طاہر ملک ، سبین یونس ، مراد علی ، مریم زہرہ ، ماہ نور کامران ملک اور اے کے آر ایس پی کے محمد یونس بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس ریجن میں کالاش قبیلے کے لوگ تمام یونیورسٹیز اور محققین کیلئے انتہائی دلچسپی کے حامل ہیں ۔کیونکہ یہ لوگ دنیا میں اپنی منفرد تہذیب و ثقافت اور مقام رکھتے ہیں ۔ ہم اس کلچر میں خلل ڈالنا نہیں چاہتے ۔ لیکن حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر اس علاقے کی غربت میں کمی لانے کی کوشش یقیناًان لوگوں اور علاقے کے مفاد میں ہو گا ۔ اس موقع پر انہوں نے 2015 کے سیلاب اور زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور ترقی کے بارے میں ترجیحات کے حوالے سے دریافت کیا ۔ اور اس بات پر انتہائی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ۔ کہ اے وی ڈی پی مقامی تنظیمات کے ساتھ مشورے سے منصوبوں کی ترجیحات کا تعین کرتا ہے ۔ اور اسی بنیاد پر اپنا ڈویلپمنٹ پلان بنا کر اُس پر عملدر آمد کرتا ہے ۔ جو کہ عین کمیونٹیز کے مفاد میں ہے ۔ منیجر اے وی ڈی پی وزیر زادہ نے لوکل سپورٹ ارگنائزیشن کے قیام اور اس کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔اور حکومت اٹلی کے تعاون سے ملنے والی پاکستان غربت مکاؤ فنڈ کے تحت جاری منصوبوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ ٹیم نے انفراسٹرکچر کے علاوہ علاقے میں بے روزگاری کو کم کرنے کے سلسلے میں مختلف ہنر میں دلچسپی رکھنے والوں کو ٹریننگ دینے اور کاروبار کیلئے لائیولی ہوڈ پراجیکٹ کے تحت دیے جانے والے امدادی سامان سے انہیں اپنے پاوں کھڑا ہونے کے مواقع ملنے کے عمل کو بہت سرا ہا ۔ مسٹر ڈومینیکو بروزون نے سیلاب کی مستقل طور پر روک تھام کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی پر زور دیا ۔ کنسلٹنٹ پولا مینفریڈی نے ہریٹیج کے تحفظ ، قدیم ریشم سازی اور ظروف سازی کے متروک صنعت کو چترال میں پھر سے زندہ کرنے کے حوالے سے بات کی ۔ اورکہا کہ یہ شعبے علاقے کی تہذیب و ثقافت سے گہری وابستگی رکھتے ہیں ۔ اور انہیں ہر گز ختم نہیں ہونا چاہیے ۔ چیرمین اے وی ڈی پی سیف اللہ جان نے اٹلی کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ اُن کے فراہم کردہ فنڈ سے پی پی اے ایف کے ذریعے انفراسٹرکچر کی بحالی ممکن ہو رہی ہے ۔ اور ان منصوبوں کی تعمیر میں پی پی اے ایف اور اے کے آر ایس پی مقامی معاون ادارہ اے وی ڈی پی بھر پور مدد کر رہے ہیں ، انہوں نے مزید تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ قبل ازین اے وی ڈی پی کے بورڈ ممبران نے اٹلی میں حالیہ زلزلہ میں ہلاک ہونے والوں کے اظہار ہمدردی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔ جسے مہمانوں نے بہت سراہا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں