181

چترال میں آپٹیکل فائبر سروس شروع نہ ہونے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا/ڈی ایس ایل سروس بھی ناقص

چترال (نامہ نگار) پی ٹی سی ایل کی طرف سے غیر ضروری تاخیر اور عدم دلچسپی کی وجہ سے ضلع چترال میں آپٹیکل سروس شروع نہیں ہو سکی ہے جسکی وجہ سے چترال کے پی ٹی سی ایل صارفین کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کروڑوں روپے کی لاگت سے آپٹیکل فائبر بچھانے کا کام دوسال پہلے مکمل کیا جا چکا تھا جبکہ ضروری سازوسامان بھی یہاں پہنچائے گئے جسکے بعد پی ٹی سی ایل حکام آج اور کل سروس شروع کرنے کا دعویٰ کرتے رہے مگر اسی آج اور کل میں دو سال کا عرصہ گزر گیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ پی ٹی سی ایل اور اسکے متعلقہ ٹھیکیدار کے مابین تنازعے کی وجہ سے معاملہ تاخیر کا شکار ہے ۔ اس حوالے سے پی ٹی سی ایل ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹھیکیدار کمپنی نے ناقص کام کیا تھاجوکہ قابل قبول نہیں تھے جسکی وجہ سے پی ٹی سی ایل نے مذکورہ کام کو تسلیم کرنے سے انکا رکر دیا اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ وہ ناقص کام کی تصحیح کرے تبہی چارج لیا جائیگا۔ یہاں پر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دوران کام پی ٹی سی ایل کے ادارے کی طرف سے غفلت، لاپرواہی اور کام کے عدم نگرانی کی وجہ سے غیر معیاری کام ہوا جسکا خمیازہ لاکھوں صارفین کو بھگتنا پڑ ا رہا ہے نیز اسی غفلت اور عدم توجہی کی وجہ سے پی ٹی سی ایل کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ پی ٹی سی ایل ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ابھی ٹھیکیدار نے کام کو درست کیا ہے اور عنقریب ٹیسٹنگ شروع کی جائیگی جس کے کامیابی کے بعد سروس شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ دوسری طرف پی ٹی سی ایل صارفین متعلقہ محکمے کے ’’عنقریب‘‘ والے لغت کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں اور کہتے ہیں کہ جب تک ضلع چترال کے ذمہ داران اس میں ذاتی دلچسپی لیکر پی ٹی سی ایل کے اعلیٰ حکام کو تاکید نہ کریں تب تک یہ سروس شروع نہیں ہو سکتی اور پی ٹی سی ایل کی طرف سے آج ، کل اور عنقریب کی رٹ مزید کئی مہینے میں بھی عمل پذیر نہیں ہوگی۔ پی ٹی سی ایل کے ہزاروں صارفین اس وقت ناقص انٹرنیٹ سروس کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور باربار مطالبے کے باوجود سروس میں بہتری نہیں آتی ۔ ذرائع کے مطابق اس وقت چترال میں پی ٹی سی ایل کے دو ہزار سے زائد کنکشن سے صارفین کو ڈی ایس ایل سروس مہیا ہو رہی ہے مگر چترال سمیت تمام اسٹیشنوں میں انتہائی ناقص سروس ہے جس کی وجہ صارفین جن میں مالیاتی ادارے، مختلف سرکاری و غیرسرکاری دفاتر، میڈیا اور تعلیمی ادارے شامل ہیں مشکلات کا شکار ہیں۔ پی ٹی سی ایل صارفین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد چترال میں فائبر آپٹیکل سروس کا شروع کیا جائے تاکہ صارفین کی مشکلات میں کمی آسکے۔ انہوں نے ایم این اے چترال اور ضلع ناظم سے اس سلسلے میں کوششیں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں