دیر پائیں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے عالمی برادری کو خبردار کیاہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک آتش فشاں بن چکا ہے

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)دیر پائیں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے عالمی برادری کو خبردار کیاہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک آتش فشاں بن چکا ہے کیونکہ بھارتی فوج نے اسے اپنے مظالم کی وجہ سے اہل کشمیر کیلئے جہنم بنادیا ہے کشمیر سے اہلیان دیر کی جذبائی وابستگی ڈھکی چھپی نہیں اس لئے بھارتی حکومت کشمیریوں کے قتل عام کی شکل میں خطے میں اشتعال انگیزی سے گریز کرے ورنہ بھیانک نتائج کی خود ذمہ دار ہوگی انہوں نے پشاور میں مقیم باشندگان دیر کی طرف سے فلاحی تنظیم کے قیام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مرکزی دفتر گلبہار میںیکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین اعظم خان(پی کے 13)، ہمایوں خان(پی کے 14)، شفیع اللہ خان(پی کے 15)، حاجی بہادر خان(پی کے 16) اور لیاقت علی خان(پی کے 17) نے واضح کیا کہ دنیا میں وہی قومیں کامیابی سے ہم کنار ہوتی ہیں جو انسانیت اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں اور ہر مشکل گھڑی میں اتحاد و اتفاق کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں انہوں نے کہا کہ دیر کے عوام نے مظلوم کشمیریوں کی عملی مدد اور خدمت کی ہے جس کی پوری دنیا معترف ہے غاصب بھارتی فوج اور حکومت کو چاہیے کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لے کیونکہ ظلم اور طاقت کے بل بوتے پر کسی بھی قوم کو تادیر غلام نہیں بنایا جاسکتا کشمیریوں کی قربانیاں اور امت مسلمہ کی ان سے یکجہتی آخر کار رنگ لائے گی اور کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا تقریب سے آرگنائزیشن کے صدر حاجی سلطان یوسف، جنرل سیکرٹری شیریں رحمان، سرپرست اعلیٰ حاجی فاتح زرگل، چیئرمین مجلس عاملہ حاجی محمد سعید اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لینے اور کشمیری عوام سے استصواب رائے کا دیرینہ وعدہ پورا کرنے کی اپیل کی انہوں نے تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی جنہیں ارکان اسمبلی نے سراہتے ہوئے اپنی مخلصانہ معاونت کا یقین دلایا۔



