اپر اور لویر چترال کو ملانے والی چترال بونی روڈ کو حالیہ برفباری کے بعد پیر کی شام ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے

چترال (نمائندہ ) اپر اور لویر چترال کو ملانے والی چترال بونی روڈ کو حالیہ برفباری کے بعد پیر کی شام ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ موقع پرموجود ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد عمران خان نے پریس کلب نیوز کو بتایا کہ پیر کی صبح برفباری بند ہونے کے فوری بعد ضلعی انتظامیہ نے ہیوی مشینری کے ذریعے اس سڑک کو کھولنے کا کام شروع کرادیا تھا اور مسلسل کام کے بعد برفانی اور پتھر ہٹانے کے بعد سڑک کو کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گرم چشمہ روڈ کوکھولنے کا اپریشن بھی مکمل ہوگیا ہے۔
لواری ٹنل کے اپروچ روڈ پر موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کھولنے کے حوالے سے انہوں نے بتایاکہ چترال کی سائیڈ سے ہلکی ٹریفک کے لئے اسے کھول دی گئی ہے لیکن رات کے وقت برفانی تودے گرنے کے خطرے کے سبب سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ چترال ٹاؤن اور مضافات میں بجلی کی بحالی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ جزوی طور پر بجلی بحال ہوگئی ہے جبکہ چوبیس گھنٹوں کے اندر مکمل طور پربحال ہوگی جبکہ پی ٹی سی ایل کے لینڈ لائن بھی بحال ہوگئے ہیں۔



