لوکل گورنمنٹ سسٹم کو خان صاحب کی وژن کے برعکس سمت میں چلایا جارہا ہے۔ تحصیل چیرمین شہزادہ امان الرحمن

چترال (نمائندہ)تحصیل کونسل چترال کے اجلاس میں سی اینڈڈبلیو ڈیپارٹمنٹ اور دوسرے محکمہ جات میں کرپشن کے حوالے اپوزیشن اور حکمران جماعت پی ٹی آئی کے ورکروں کی جانب سے لگائے الزامات کی متعلقہ ویلج کونسلوں کے ممبران کے ذریعے تحقیقات کرانے اور کونسل کے اجلاس میں تفصیل پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ کنوینر فخر اعظم کے زیر صدارت منعقد ہ اجلاس میں تحصیل چیرمین شہزادہ امان الرحمن کے علاوہ اراکین کونسل سجاد احمد خان، عبدالحق، سجاد پرتوی، نواب خان، نبی خان، مفتی ضمیر، امین الرحمن، وجیہہ الدین اوردوسروں نے خطاب کیا۔ ارکان کی اکثریت نے ٹی ایم او چترال کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شہر کے اندر صفائی کا سخت فقدان ہے جبکہ وسائل کو فضول کاموں پر خرچ کیا جارہاہے جن میں پولو ٹیم بنانے اور غیر ضروری اشیاء کی خریداری شامل ہیں جبکہ کونسل کے اجلاس سے ان کی غیر حاضری بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ٹی ایم او اپنے دفتر کو وقت بالکل نہیں دیتا اور نہ ہی ممبران کونسل کو کوئی اہمیت دی جاتی ہے جوکہ عوام کے ووٹوں سے براہ راست منتخب ہوکر آئے ہیں۔ کونسل کے اکاونٹس کمیٹی کے چیرمین سجاد احمد خان نے انہوں نے عوام پر سروسز ٹیکس لگاکر ماہانہ آمدنی میں 15لاکھ روپے سے ذیادہ کا اضافہ کیا تھا لیکن یہ رقم ہاوس کے ممبران کی مرضی سے صفائی اور دوسرے ہنگامی بنیادوں پر ضروریات کی مد میں خرچ نہیں ہوتا اس لئے اب ان اضافی ٹیکسز کو ختم کرنے پر سوچ رہے ہیں۔ گرم چشمہ میں ممبران تحصیل کونسل کے خلاف ایف آئی آرکے اندراج پر اراکین کونسل نے ٹی ایم او کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ٹی ایم اے کی طرف سے صفائی کا انتظام نہ ہونے اور dumping yard ڈمپنگ یارڈ نہ بنانے پر علامتی طور پر کچرے کو دریا برد کیا تھا۔ویلج کونسل چمورکھون سے رکن کونسل عبدالحق نے ہاوس کو ٹی او آرز کے مطابق نہ چلانے اور ایک سال کی طویل عرصے تک اجلاس نہ بلانے پر اپنی تشویش کا اظہار کیااور کہاکہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو خان صاحب کی وژن کے برعکس سمت میں چلایا جارہا ہے۔
تحصیل چیرمین شہزادہ امان الرحمن نے ٹی ایم اے چترال کے تحصیل افیسر فنانس کی طرف سے 29دسمبر کو چیرمین کے نام تحریرکردہ خط کو ایوان کے سامنے لہراتے ہوئے کہاکہ اس خط میں ٹی او فنانس نے کہاہے کہ اکاونٹس سے متعلق تمام ریکارڈز کو ٹی ایم او نے دفتر سے دوسری جگہ منتقل کردی ہے اور ان کاغذات میں کوئی بھی تحریف ہونے یا گم ہونے کی صورت میں وہ ہرگز ذمہ دار نہ ہوگا۔تحصیل چیرمین نے کہاکہ ٹی ایم او نے اس بارے میں انہیں بھی مکمل طور پر بائی پاس کردیا ہے۔
ا جلاس جمعہ کے دن بھی جاری رہے گا





