تازہ ترین

وادی رومبور میں شام سے صبح تک سگنلز معطل، انٹرنیٹ بندش عوام کے لیے شدید اذیت

چترال( رپورت:فتح اللہ)چترال کی وادی رومبور میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس کی مسلسل معطلی عوام کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ نوجوان صحافی فتح اللہ نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ چار دن بعد ٹیلی نار انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے، مگر علاقے میں انٹرنیٹ کی بندش معمول بن چکی ہے، جو عوام کے لیے ناقابلِ برداشت تکلیف کا باعث ہے۔
فتح اللہ کے مطابق وادی رومبور میں شام کے بعد سے صبح تک موبائل سگنلز مکمل طور پر غائب رہتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ ٹاور کا صرف سولر انرجی پر انحصار اور فیول کی عدم فراہمی ہے۔ اگر ٹاور کے لیے بجلی یا فیول کا مستقل اور قابلِ اعتماد بندوبست کیا جائے تو رات کے اوقات میں سگنلز اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے مسائل پیدا ہی نہ ہوں۔
نوجوان صحافی نے واضح کیا کہ مقامی اسٹاف کی جانب سے غفلت ایک الگ اور اہم مسئلہ ہے، جسے سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ بروقت فیول ٹاور تک نہ پہنچنا انتظامی نااہلی کی نشاندہی کرتا ہے، تاہم اس غفلت کا خمیازہ پورے علاقے کو انٹرنیٹ اور رابطہ کاری سے محرومی کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔
فتح اللہ نے کہا کہ دور افتادہ وادی رومبور میں انٹرنیٹ سروس کی معطلی کسی عذاب سے کم نہیں۔ رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو روزمرہ امور، تعلیم، کاروبار، سیاحت اور ہنگامی حالات میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ٹیلی کام ادارے فوری طور پر دو سطحوں پر اقدامات کریں۔
ٹاور کے لیے بجلی یا فیول کا مستقل بندوبست کیا جائے تاکہ شام سے صبح تک سگنلز بحال رہیں۔دوسری جانب مقامی اسٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لے کر غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ عوام کو مستقل بنیادوں پر اس اذیت سے نجات مل سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button