بلدیاتی اداروں کے فارغ ہونے والے نمائندوں سے سرکاری اثاثوں کی واپسی کا حکم

پشاور/حکومتِ خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کے سبکدوش ہونے والے منتخب نمائندوں سے سرکاری اثاثے فوری طور پر واپس لینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق، ڈائریکٹر جنرل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور صوبے بھر کے تمام تحصیل میونسپل آفیسرز (TMAs) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سبکدوش ہونے والے نمائندوں کے زیرِ استعمال تمام سرکاری اثاثے فوری طور پر اپنی تحویل میں لیں
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ فارغ ہونے والے نمائندوں سے تمام سرکاری املاک اور اثاثے بغیر کسی تاخیر کے واپس لیے جائیں۔
متعلقہ حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ برآمد کیے گئے اثاثوں کی ایک مکمل اور تصدیق شدہ فہرست (انوینٹری) تیار کی جائے۔
تیار کردہ انوینٹری کو جلد از جلد لوکل کونسل بورڈ کے دفتر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اسے اعلیٰ حکام کو ارسال کیا جا سکے۔
یہ حکم نامہ سیکشن آفیسر (جنرل) لوکل گورنمنٹ، الیکشنز اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے مراسلہ نمبر SOG/LG/7-12/LG-Act/2025 کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری وسائل کی شفاف منتقلی اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے



