کالاش ویلیز کے بی ایچ یوز میں ڈاکٹرز تعینات کئے جائیں ۔ اقلیتی تحصیل ممبر انت بیگ

چترال ( نامہ نگار)تحصیل کونسل چترال لوئر کے اقلیتی ممبر آنت بیگ نے صوبائی حکومت خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ کلاش ویلیز کے بنیادی مراکز صحت میں فوری طور پر ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے تاکہ مقامی آبادی اور یہاں آنے والے سیاحوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کلاش ویلیز پاکستان کے خوبصورت اور اہم سیاحتی علاقوں میں شمار ہوتی ہیں جہاں ہر سال بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح آتے ہیں، مگر افسوس کہ اس وقت بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹر موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آنت بیگ نے مزید کہا کہ کلاش ویلیز چترال شہر سے کافی فاصلے پر واقع ہیں اور آمدورفت کے حوالے سے سڑکوں کے مسائل بھی موجود ہیں، جس کے باعث ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بروقت علاج کے لیے چترال منتقل کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ کلاش ویلیز کے بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز کو ترجیحی بنیادوں پر تعینات کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ یہاں آنے والے سیاحوں کو بھی بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



