۔ چترال میں عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

۔ چترال میں عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، جہاں 500 سے زائد مساجد اور عید گاہوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ ضلع لوئر چترال کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی شاہی مسجد میں ہوا، جبکہ اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں جنالی مسجد میں ادا کی گئی۔
چترال میں موسم انتہائی خوشگوار رہا، جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی خوشیوں کا بھرپور لطف اٹھایا۔ عید کے پہلے روز لوگوں نے ایک دوسرے کے گھروں میں جا کر مبارکباد دی اور مقامی پکوانوں سے تواضع کی۔
اس سال وادی لوٹ کوہ اور بیار میں عید الفطر کے ساتھ ساتھ بہار کا روایتی تہوار نوروز بھی منایا گیا۔ ان وادیوں میں دونوں تہواروں کی خوشیاں بیک وقت منانے سے جشن کا سماں دوبالا ہو گیا۔
مختلف مکاتبِ فکر کے علماء نے عید کے خطبات میں امن اور بھائی چارے کی تلقین کی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مساجد کے باہر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔





