چترال سکاؤٹس 143 ونگ اور آئیڈیل کلب کے زیر اہتمام پاکستان ڈے کے موقع پر دروش میں رنگا رنگ سپورٹس میلہ

دروش (نامہ نگار) یومِ پاکستان کے موقع پر دروش میں آئیڈیل کلب کے زیر اہتمام اور چترال سکاؤٹس 143 ونگ کے تعاون سے ایک روزہ شاندار سپورٹس میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
اس یادگار موقع پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی طرف ارندو کے آئی ڈی پیز بچوں اور بچیوں کو خصوصی طور اس ایونٹ میں بلایا گیا جسکی وجہ سے ایونٹ کا رونق دوبالا ہو گیا۔
ایونٹ میں فٹبال، رسہ کشی اور چترال کے روایتی کھیل ہاکی (غڑسون غاڑ) کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے، جنہوں نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ونگ کمانڈر 143 ونگ دروش کرنل حسن عباس تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دروش خلیل اللہ، آنریری لیفٹیننٹ غلام اللہ اور علاقہ عمائدین قاری جمال عبدالناصر، شہزادہ ہشام الملک، وی سی چیئرمین وقار احمد، وی سی چیئرمین عبدالقادر، سپورٹس کمیٹی کے ارکان توقیر احمد، سمیع اللہ اور حسین فرحت بھی موجود تھے۔
لوکل ہاکی کے سنسنی خیز مقابلے میں کیسو کلب نے ڈیرا کلب کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ رسہ کشی میں بھی شاہ الیون نے ڈیرا کلب کو ہرا کر کامیابی حاصل کی۔
فٹبال میچ برادرز الیون پوٹھنیاندہ اور آئیڈیل کلب کے درمیان کھیلا گیا، جو مقررہ وقت میں ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ بعد ازاں پنلٹی ککس پر برادرز الیون نے کامیابی حاصل کرلی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کرنل حسن عباس نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، جبکہ چترال سکاؤٹس 143 ونگ کی جانب سے شریک ٹیموں کو نقد انعامات بھی دیے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرنل حسن عباس نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان مضبوط اور لازوال رشتہ قائم ہے، جو قومی یکجہتی کی علامت ہے۔ انہو ں نے افواج پاکستان و دیگر سیکورٹی اداروں ملک و قوم کی خدمت میں ہمہ وقت چوکس ہیں اور عوام بالخصوص نوجوانوں کا ساتھ انہیں مزید مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چترال سکاؤٹس نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، خصوصاً کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی سرپرستی جاری رکھے گی اور مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔
قبل ازیں آئیڈیل کلب کے صدر کمال عبدالجمیل نے استقبالیہ خطاب میں یومِ پاکستان کے حوالے سے اس کامیاب سپورٹس ایونٹ کے انعقاد پر چترال سکاؤٹس 143 ونگ، ضلعی انتظامیہ، علاقہ عمائدین اور مقامی پولیس ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



