ڈی پی او چترال کی ہدایات: کمسن ڈرائیورز کے خلاف مہم سے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی، عوامی حلقوں کی جانب سے خراج تحسین

چترال (نمائندہ )ڈی پی او چترال رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے کمسن ڈرائیورز کے خلاف شروع کی گئی کریک ڈاؤن مہم کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں سڑکوں پر حادثات کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او چترال نے کمسن ڈرائیورز کی جانب سے ہونے والے حادثات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک پولیس کو سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔ مہم کے دوران ٹریفک پولیس نے نہ صرف کمسن ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی بلکہ بازاروں میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں اور غلط پارکنگ کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا۔
اس اقدام کو عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور حادثات کی روک تھام کے لیے اٹھایا گیا یہ بروقت فیصلہ چترال میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
عوامی حلقوں نے اس مہم پر ڈی پی او چترال رفعت اللہ خان اور ضلعی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پولیس اسی عزم کے ساتھ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بناتی رہے گی تاکہ مسافروں اور پیدل چلنے والوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے۔



