تھانہ رومبورکالاش ویلی میں نئے ایس ایچ او عبد الرشید نے چارج سنبھال لیا، شاندار استقبال

رومبور ( فتح اللہ) چترال کی وادی کالاش کے علاقے رومبور میں ایس ایچ او کی سطح پر تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے، جہاں ارندو سے تبادلہ ہو کر آنے والے ایس ایچ او عبد الرشید نے باقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
نو تعینات ایس ایچ او کی آمد پر مقامی تھانے میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقہ عمائدین، پولیس سٹاف اور مقامی نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی روایات کے مطابق عبد الرشید کو شومون اور روایتی ہار پہنا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
استقبالیہ تقریب میں چیئرمین سلطان، کسان کونسلر جاوید احمد، سابق ویلج کونسلر عنایت اللہ شیخ قریشی، سماجی شخصیت غلام سرور قریشی اور کالاش کمیونٹی کے مذہبی پیشوا قاضی بھرام خان سمیت دیگر معززین نے شرکت کی اور نو تعینات ایس ایچ او کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ایچ او عبد الرشید نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کا قیام اور منشیات کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون نہایت ضروری ہے، اور وہ عوام کے ساتھ مل کر علاقے کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کا تعلق چولی دامن کا ہے، اور ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت عوام کے لیے کھلے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے نو تعینات ایس ایچ او کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں گے۔





