تازہ ترین

چترال جیسے مذہبی طور پر حساس علاقے میں مردوں کے ہجوم میں لڑکیوں کے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔امیرجماعت اسلامی چترال

چترال(نمائندہ ) جماعت اسلامی چترال لوئر کے زیرِ اہتمام مرکز اسلامی قتیبہ دنین میں امیر ضلع وجیہ الدین کی صدارت میں دو روزہ "اجتماعِ ارکان” اختتام پذیر ہوگیا، جس میں کثیر تعداد میں اراکینِ جماعت نے شرکت کی۔ اجتماع کے اختتام پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں صوبائی حکومت کی جانب سے گزشتہ دو برسوں سے "رمضان پیکج” کے نام پر جاری سرگرمیوں کو سختی سے مسترد کیا گیا۔ قرارداد کے مطابق یہ عمل قومی وسائل کے ضیاع اور سیاسی بنیادوں پر نوازشات کی بدترین شکل ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک ہی گھر کے متعدد افراد کو اس پیکج سے فائدہ دیا گیا، جبکہ حقیقی مستحقین اس سے محروم رکھے گئے۔اجتماع نے مطالبہ کیا کہ رمضان پیکج سے مستفید ہونے والے تمام افراد کی فہرست عوام کے سامنے لائی جائے اور اس عمل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے تاکہ حقائق واضح ہو سکیں۔ قرارداد میں ضلع چترال لوئر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً اے ڈی پی سکیموں میں مبینہ بدعنوانیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ترقیاتی کاموں کے نام پر عوام کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، جو نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ اجتماع نے مطالبہ کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے اور بدعنوانی میں ملوث سرکاری افسران، ٹھیکیداروں اور عوامی نمائندوں کا کڑا احتساب کیا جائے۔ اجتماع نے واضح کیا کہ عوامی حقوق کی اس پامالی کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، اور اگر فوری اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی چترال لوئر یونین کونسل اور گاؤں کی سطح پر باقاعدہ تحریک شروع کرے گی، جبکہ چترال ٹاؤن میں احتجاجی دھرنوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ مزید برآں، اجتماع نے حالیہ دنوں چترال جیسے مذہبی طور پر حساس علاقے میں مردوں کے ہجوم میں لڑکیوں کے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ قرارداد میں متعلقہ اداروں اور افراد کو خبردار کیا گیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو مقامی مذہبی، سماجی اور تہذیبی اقدار کے منافی ہوں۔لہٰذا بچیوں کو سرِعام میدان میں لا کر مذہبی اقدار اور معاشرتی روایات کو مجروح کرنے کی کوششوں سے اجتناب کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button