پاکستان نے عالمی امن کیلئے مثبت کردار ادا کیا، امریکہ-ایران کشیدگی میں کمی کی کوششیں قابلِ تحسین: خطیب شاہی مسجد چترال خلیق الزمان۔

چترال (نمائندہ آئین )خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان نے اپنے خطبۂ جمعہ میں کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان نے ایک بار پھر امن کے داعی ملک ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران جیسے بڑے ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کا کردار نہایت مثبت اور قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ سے امن، مذاکرات اور استحکام پر مبنی رہی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مولانا خلیق الزمان نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے جنگ کے بجائے بات چیت اور افہام و تفہیم کو فروغ دیا۔
خطبۂ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملکی قیادت، سفارتکاروں اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دانشمندی، صبر اور حکمت عملی نے حالات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید استحکام عطا فرمائے اور اسے ہمیشہ دنیا میں امن و سلامتی کا علمبردار بنائے۔



