پری شندور پولو فیسٹیول 2026 چترال پولیس ریڈ ٹیم کی شاندار کامیابی ، سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی

پری شندور پولو فیسٹیول 2026 چترال پولیس ریڈ ٹیم کی شاندار کامیابی ، سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی
میچ کے مہمان خصوصی فرزند چترال ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ تھے
پری شندور پولو فیسٹیول چترال کے تاریخی پولو گراؤنڈ میں اپنے تمام تر رنگوں، ثقافتی رعنائیوں اور دلچسپ مقابلوں کے ساتھ بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں شائقینِ پولو کو سنسنی خیز میچز دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
فیسٹیول کے کوارٹر فائنل مرحلے میں لوئر چترال پولیس ریڈ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین اور سابق چمپئن ٹیم چترال اے ٹیم کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
میچ کے دوران چترال پولیس ریڈ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، برق رفتار کھیل اور جارحانہ حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث حریف ٹیم پورے میچ میں دباؤ کا شکار رہی۔ پولیس ریڈ ٹیم نے آغاز ہی سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے واضح برتری حاصل کی۔
ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے میچ سے بھرپور لطف اٹھایا اور بہترین کھیل پیش کرنے پر چترال پولیس کے کھلاڑیوں کو زبردست داد دی۔
آر۔پی۔او ملاکنڈ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چترال پولیس نہ صرف امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہے۔
گراؤنڈ میں موجود شائقین نے دلچسپ مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا اور کامیابی پر لوئر چترال پولیس ریڈ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
پری شندور پولو فیسٹیول چترال کی ثقافت، روایات اور کھیلوں سے محبت کا خوبصورت مظہر ہے، جو ہر سال ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور کھیلوں کے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتا ہے۔






