چترال کے زمیندار حیوانات سے بہتر فوائد حاصل کرنے کیلئے لائیو اسٹاک کے ماہر ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کریں ۔ انسانی زندگی اور حیوانات کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو اسٹاک چترال لوئر ڈاکٹرغلام محمد

چترال ( محکم الدین ) چترال میں لائیو اسٹاک کی افزائش پر حکومتی سطح پر اور حکومت کے معاون اداروں کے تعاون سے زمینداروں کو آگہی دینے کا عمل زورو شور سے جاری ہے ۔ اس سلسلے میں چترال کے کئی علاقوں بشمول پرابیک گرم چشمہ ، کالاش ویلی بمبوریت ، بریر اور کریم آباد میں مختلف اوقات میں پروگرامات منعقد کئے گئے ۔ اور حیوانات کی اہمیت ، انسانی زندگی کیلئے ان کے فوائد اور صحت مند حیوانات سے حاصل ہونے والے دودھ اور گوشت کی پیداوار کے بارے میں تفصیل سے آگہی دی گئی ۔ ان پروگراموں میں زیادہ تر خواتین نے شرکت کی ، اور آگہی سیشن میں انتہائی دلچسپی کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک لوئیر ڈاکٹر غلام محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ اچھے اور صحت مند حیوانات مضبوط اور خوشحال گھرانے کی علامت ہیں ۔ جو زمیندار سائنسی بنیادوں پر معلومات کے تحت اپنے حیوانات کی پرورش اور نگہداشت کرے گا ۔ وہ اپنی محنت کے عوض دوہرے فوائد حاصل کرے گا ۔ اس لئے حیوانات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا ۔کہ جس طرح انسان مختلف بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں ۔ اسی طرح حیوانات کی بھی مختلف بیماریاں ہیں ۔ جن کا بروقت علاج کرکے جان بچائی جا سکتی ہے ۔ لیکن یہ تب ہی ممکن ہے ۔ کہ ہم ان بیماریوں کے بارے میں آگہی حاصل کریں ، اور وقت ضائع کئے بغیر ان کا علاج کریں ۔ اگر ہم ایسا کریں گے ۔ تو بڑے نقصان سے بچ جائیں گے ۔ کیونکہ آجکل حیوانات کی قیمت لاکھوں میں ہے ۔
انہون نے کہا ۔ کہ مال مویشوں کی افادیت بہت زیادہ ہے ، ہم انہیں فروخت کرکے نقد آمدنی حاصل کرتے ہیں ۔ ان کا دودھ اور گوشت استعمال کرتے ہیں ، حتی کہ کھال تک فروخت کرکے اچھی قیمت وصول کرتے ہیں ۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے، کہ ان تمام فوائد کے باوجود نہ انہیں مناسب خوراک فراہم کرتے ہیں ، نہ ان کی صحت و بیماری کا خیال رکھتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے وہ پیداوار حاصل نہیں کر پاتے ۔ جو حاصل کیا جانا چاہئیے ۔
ڈائریکٹر غلام محمد نے تمام پروگراموں میں زمینداروں سے پر زور اپیل کی ۔ کہ حیوانات کی ویکسینیشن کریں ، وٹرنری ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق ادویات اور مناسب صاف خوراک مہیا کریں ، اور مویشی خانوں کی صفائی پر توجہ دیں ۔ اور شاندار پیداوار حاصل کریں ۔






