تازہ ترین

لوئر چترال میں عالمی یومِ ماحولیات 2026 کی تقریب منعقد، خواتین کی زیر قیادت کلائمیٹ اسمارٹ ٹنل فارمنگ منصوبے کا افتتاح

دروش(نامہ نگار) تکال ویلفیئر آرگنائزیشن (TWO) نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے مالی تعاون سے، وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP)، پیغامِ پاکستان اور سینٹر آف ایکسی لنس فار کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (CECVE) کے اشتراک سے عالمی یومِ ماحولیات 2026 کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں سرکاری افسران، سماجی رہنماؤں، خواتین، نوجوانوں، بزرگوں، معذور افراد، ویلیج آرگنائزیشنز کے اراکین اور مقامی کمیونٹی کے نمائندگان سمیت 50 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی زرعی توسیع افسر دروش سکندر خان تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات، قدرتی وسائل کے تحفظ اور کلائمیٹ اسمارٹ زرعی طریقوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر رضیت باللہ، کمال عبدالجمیل (سماجی کارکن) اور اسمت اللہ خان (ماہر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی)نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات اور مقامی سطح پر پائیدار حل ناگزیر ہیں۔

تقریب کا اہم حصہ خواتین کی زیر قیادت کلائمیٹ اسمارٹ ٹنل فارمنگ منصوبے* کا افتتاح تھا، جس کا مقصد دیہی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا، غذائی تحفظ کو فروغ دینا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے مقابلے میں کمیونٹی کی استعداد کار کو مضبوط بنانا ہے۔ مقررین نے اس اقدام کو خواتین کی معاشی ترقی، موسمیاتی موافقت اور پائیدار زرعی ترقی کی جانب ایک مؤثر اور قابلِ تقلید ماڈل قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ماحول کے تحفظ، موسمیاتی اقدامات کے فروغ اور لوئر چترال میں پائیدار و جامع ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button