شندور پولو فیسٹیول کی لائیو کوریج کا مطالبہ، حکومتی ادارے توجہ دیں

چترال (بشیرحسین آزاد) شندور پولو فیسٹیول کے آغاز سے قبل ملک بھر کے شائقینِ پولو نے حکومت، محکمہ سیاحت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی شہرت یافتہ ایونٹ کی براہِ راست نشریات (لائیو ٹیلی کاسٹ) کا اہتمام کیا جائے تاکہ ملک اور بیرون ملک موجود لاکھوں شائقین اس تاریخی مقابلے سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔
شائقینِ پولو کا کہنا ہے کہ ماضی میں جب جدید مواصلاتی اور نشریاتی سہولیات آج کی طرح دستیاب نہیں تھیں تب بھی شندور پولو میچز کی کوریج اور نشریات کا انتظام کیا جاتا تھا، لیکن آج ٹیکنالوجی کے جدید دور میں اس عالمی شہرت یافتہ ایونٹ کو براہِ راست نہ دکھایا جانا سوالیہ نشان ہے
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور سفری اخراجات میں اضافے کے باعث بہت سے افراد شندور جا کر میچز دیکھنے کی استطاعت نہیں رکھتے، جبکہ عمر رسیدہ افراد، خواتین، بچے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی اس منفرد ثقافتی اور کھیلوں کے ایونٹ سے براہِ راست محروم رہ جاتے ہیں۔
اگر میچز کی لائیو نشریات کا اہتمام کیا جائے تو لاکھوں افراد اپنے گھروں میں بیٹھ کر اس کھیل اور علاقے کی ثقافت سے محظوظ ہو سکیں گے۔
شائقین نے مزید کہا کہ شندور فیسٹیول نہ صرف چترال اور گلگت بلتستان کی ثقافت کا عکاس ہے بلکہ پاکستان کی سیاحت اور مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے اس لیے ضروری ہے کہ سرکاری اور نجی نشریاتی ادارے اس ایونٹ کی براہِ راست کوریج کو یقینی بنائیں۔
شائقینِ پولو نے حکومتی اداروں، محکمہ سیاحت، ضلعی انتظامیہ اور میڈیا ہاؤسز سے پرزور اپیل کی ہے کہ شندور پولو فیسٹیول 2026 کی مکمل اور معیاری لائیو کوریج کا انتظام کیا جائے تاکہ ملک بھر کے کھیلوں کے شائقین اس تاریخی ایونٹ سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔



