تازہ ترین

عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر بی ایچ یو کیسو دروش کا افتتاح

چترال(ڈیلی چترال ) عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر دروش کے علاقے کیسو میں بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ یہ منصوبہ ریسٹورنگ سوشل سروسز اینڈ کلائمیٹ ریزیلینس (RSS&CR) پراجیکٹ کے تحت مکمل کیا گیا، جسے  پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)کے مالی تعاون سے جبکہ نیشنل انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (ندا پاکستان) نے نافذ کیا۔

افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر دروش ظفر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لوئر چترال ڈاکٹر ارشاد احمد نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عالمی یومِ ماحولیات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ماحول کے تحفظ، صفائی ستھرائی اور پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

مقررین نے کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی، صحت کے مراکز میں صفائی کا مؤثر نظام، ہسپتال کے فضلے کو مناسب طریقے سے تلف کرنا اور مریضوں کو خوشگوار اور صحت بخش ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماحول کے تحفظ اور صحت عامہ کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

اس موقع پر ندا پاکستان کے پراجیکٹ منیجر انور بیگ نے مہمانوں اور شرکاء کو عالمی یومِ ماحولیات کی اہمیت، منصوبے کے مقاصد اور بی ایچ یو میں مکمل کیے گئے ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں مہمانوں کو منصوبے کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر دروش اور ڈی ڈی ایچ او لوئر چترال نے منصوبے کے تحت ہونے والے معیاری کام کو سراہتے ہوئے پی پی اے ایف اور ندا پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اس منصوبے کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا گیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں مدد ملے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع کے دیگر صحت مراکز میں بھی اسی نوعیت کے منصوبے شروع کیے جائیں۔تقریب کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں اور شرکاء نے ماحولیات کے تحفظ، صفائی کے فروغ اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button