یونیورسٹی آف چترال میں عالمی یومِ ماحولیات کی تقریب، ماحولیاتی تحفظ اور آفات سے نمٹنے کے اقدامات پر زور

چترال(ڈیلی چترال نیوز)یونیورسٹی آف چترال میں فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس پاکستان اور شعبہ نباتیات کے اشتراک سے عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیکلٹی ممبران، طلبہ اور فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس پاکستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ تھے۔
تقریب کا آغاز فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس چترال کے ریجنل پروگرام منیجر ولی محمد خان کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ انہوں نے آفات کے خطرات میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کے
لیے ادارے کی خدمات اور کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
فوکس پاکستان کی پروگرام کمیونیکیشن اسپیشلسٹ مہر آفتاب سلمیٰ نے عالمی یومِ ماحولیات کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے افراد اور اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ناگزیر ہے۔ انہوں نے قدرتی وسائل کے تحفظ اور پائیدار طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اپنے کلیدی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے ماحول اور انسانی زندگی کے باہمی تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے ماحولیاتی انحطاط پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ اور کمیونٹی کے افراد پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے پلاسٹک کی بوتلوں اور سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ماحول دوست متبادل اپنانے کی تلقین کی۔
انہوں نے آبی وسائل میں خطرناک حد تک کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے پانی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال اربوں درخت کاٹے جانے کے باعث ماحولیاتی توازن اور موسمیاتی نظام متاثر ہو رہا ہے۔
تقریب کے دوران فوکس چترال کے نمائندے عیسیٰ خان نے ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت اور ماحولیاتی انحطاط میں کمی کے لیے عملی اقدامات پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ جبکہ ORIC کے انچارج ڈاکٹر شاہ فہد نے نصاب میں ماحولیات سے متعلق موضوعات کو
شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پروگرام کی ایک نمایاں سرگرمی فوکس ہیومینٹیرین اسسٹنس پاکستان کی کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (CERT) کی جانب سے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی مشق اور مظاہرہ تھا، جس میں ٹیم نے کمیونٹی کی تیاری اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں اپنے کردار کو واضح کیا۔
تقریب کے اختتام پر ولی محمد خان اور مہر آفتاب سلمیٰ نے ماحولیاتی آگاہی اور تعلیمی شعبے میں خدمات کے اعتراف میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ شرکاء نے ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا



