مدک لشٹ، چترال میں ثقافتی مصنوعات کی نمائش کا انعقاد

مدک لشٹ، چترال/ہنرمندان سنٹر فار کلچرل اینڈ کریئیٹو انٹرپرینیورشپ کے زیرِ اہتمام مدک لشٹ، چترال میں ثقافتی مصنوعات کی ایک خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سرگرمی ہنرمندان کے "ہنر مارکیٹ انیشی ایٹو” کا حصہ تھی، جس میں ہنر مارکیٹ مدک لشٹ کی ٹیم اور مقامی خواتین دستکاروں و ہنرمندوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی روایتی اور ثقافتی مصنوعات کی نمائش کی۔
نمائش کا بنیادی مقصد مقامی دستکاروں اور ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کرنا، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر شرکاء کے ساتھ اس بات پر تبادلۂ خیال کیا گیا کہ وہ اپنی ثقافتی و روایتی شناخت کے احترام کے ساتھ کا طرح اپنی ثقافتی مصنوعات میں جدت، تخلیقیت اور معیار کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں تاکہ انہیں مقامی اور قومی سطح پر بہتر معاشی مواقع میسر آئیں۔
تقریب کے دوران ہنرمندان کی ٹیم کی جانب سے شفیق دینار خان اور دینار احمد نے مانیٹرنگ اور معاونت کے فرائض سرانجام دیے۔ انہوں نے دستکاروں اور ہنرمندوں کے کام کا جائزہ لیا، ان کی حوصلہ افزائی کی، ان کے مسائل اور ضروریات کو سنا اور مستقبل میں مزید مؤثر اقدامات اور پائیدار معاونت کے لیے تجاویز پیش کیں۔
شرکاء نے اس اقدام کو نہایت مثبت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں مقامی ثقافتی ورثے کے تحفظ، خواتین کی معاشی خودمختاری اور ثقافتی صنعتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ہنرمندان سنٹر فار کلچرل اینڈ کریئیٹو انٹرپرینیورشپ مستقبل میں بھی مقامی ہنرمندوں، خصوصاً خواتین دستکاروں، کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں مارکیٹ سے جوڑنے کے لیے مختلف اقدامات جاری رکھے گا۔






