تحصیل دروش میں ورچوئل کورٹ پوائنٹ کا افتتاح،عدالتی نظام میں اہم پیش رفت قرار

لوئر چترال (نمائندہ خصوصی): ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لوئر چترال محترمہ شہناز حمید خٹک نے مورخہ 23 جون 2026 کو تحصیل دروش میں ورچوئل کورٹ پوائنٹ کا افتتاح کیا، جسے انہوں نے عدالتی نظام میں ایک اہم اور انقلابی پیش رفت قرار دیا ہے۔
اس جدید سہولت کے ذریعے عوام، وکلاء اور ضلعی عدالتوں کو دارالقضاء سوات اور پشاور ہائی کورٹ کے پرنسپل سیٹ سے ورچوئل طور پر منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے عدالتی کارروائیوں میں مزید آسانی پیدا ہوگی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ اس اقدام کے نتیجے میں شہریوں اور وکلاء کو مقدمات کی سماعت کے لیے پشاور، سوات یا سرکٹ بینچ چترال لوئر کے طویل اور دشوار سفر سے نجات ملے گی۔ اس سے نہ صرف وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بروقت اور آسان انصاف کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے اس اہم منصوبے پر معزز چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ، رجسٹرار دارالقضاء سوات اور ڈائریکٹر آئی ٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت اور مسلسل رہنمائی کے باعث یہ منصوبہ کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔
محترمہ شہناز حمید مخٹک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی عدلیہ لوئر چترال جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے انصاف کی بروقت، آسان اور مؤثر فراہمی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔



