ٹی ایم اے چترال کے پنشنرز کے تمام واجبات ادا، بقایا جات کا خاتمہ نئے ٹی ایم او کی تعیناتی کے بعد 2 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم جاری؛ ریٹائرڈ ملازمین میں خوشی کی لہر

چترال (بشیر حسین آزاد)تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMA) چترال کے پنشنرز کے برسوں سے لٹکے ہوئے دیرینہ مطالبات حل ہو گئے۔ ٹی ایم اے چترال نے اپنے تمام ریٹائرڈ ملازمین کے واجب الادا پنشن کے بقایا جات مکمل طور پر کلیئر کر دیے ہیں، جس کے بعد ادارے پر پنشنرز کا اب کوئی ایک روپیہ بھی واجب الادا نہیں رہا۔
تفصیلات کے مطابق، موجودہ تحصیل میونسپل آفیسر (TMO)حیدر ایوب خان کے چارج سنبھالنے کے بعد ادارے کی مالیاتی مینجمنٹ کو بہتر بناتے ہوئے پنشنرز کی فلاح و بہبود کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے۔ اس مختصر عرصے کے دوران 2 کروڑ روپے (دو کروڑ روپے) سے زائد کی خطیر رقم پنشنرز کے بقایا جات کی مد میں ریلیز کی گئی، جس سے درجنوں ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے خاندانوں کی مالی مشکلات کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
ٹی ایم او کی جانب سے چارج سنبھالتے ہی ریٹائرڈ ملازمین کی داد رسی کو اولین ترجیح دی گئی۔
ٹی ایم او نے اس موقع پر کہا کہ "ریٹائرڈ ملازمین ہمارا سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا بہترین حصہ عوام کی خدمت میں گزارا۔ اللہ کے فضل سے ہم ان کے تمام واجبات ادا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اب ٹی ایم اے چترال پنشنرز کی بوجھل لائلبیلیٹیز سے مکمل طور پر پاک ہو چکا ہے۔”
اس تاریخی اقدام پر چترال کے عوامی و سماجی حلقوں اور خاص طور پر ٹی ایم اے کے ریٹائرڈ ملازمین کی تنظیم نے گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پنشنرز کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے اپنے حق کے لیے پریشان تھے، لیکن موجودہ ٹی ایم او حیدر ایوب خان کی ذاتی دلچسپی اور مخلصانہ کوششوں کی بدولت ان کا یہ دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس احسن اقدام پر صوبائی حکومت اور ٹی ایم اے چترال کی موجودہ قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔





