ریشن میں سیلاب سے متاثرہ ایریگیشن چینلز تاحال بحال نہ ہو سکے، فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ

اپر چترال (رپورٹ شہزاد احمد)ریشن: گزشتہ ہفتے آنے والے سیلاب کے باعث ریشن میں آبپاشی کے متعدد واٹر چینلز متاثر اور پائپ لائنیں بہہ جانے کے باعث زرعی زمینوں کو پانی کی فراہمی معطل ہے، تاہم ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود متاثرہ ایریگیشن چینلز کی بحالی کا کام شروع نہ ہو سکا، جس کے باعث کھڑی فصلیں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ واٹر چینلز کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم بڑے پیمانے پر متاثرہ مقامات پر ایکسویٹر اور دیگر مشینری کے بغیر بحالی کا کام ممکن نہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے حکام سے بارہا رابطہ کرکے متاثرہ چینلز کی فوری بحالی کی درخواست کی، لیکن تاحال عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔مقامی کسانوں کے مطابق اگر اگلے ایک، دو روز کے اندر واٹر چینلز بحال نہ کیے گئے تو کھڑی فصلوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے اور مکمل طور پر تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال سے کسانوں کو نہ صرف مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ علاقے میں غذائی ضروریات بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔علاقہ مکینوں نے حکومت خیبر پختونخوا اور ضلعی انتظامیہ سے ایک بار پھر پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرہ مقامات پر ایکسویٹر اور ضروری مشینری فراہم کی جائے، جبکہ آبپاشی کے چینلز کی بحالی کے لیے مطلوبہ پائپ بھی فوری طور پر فراہم کیے جائیں تاکہ پانی کی فراہمی بحال ہو اور ریشن کی کھڑی فصلوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔عوام نے واضح کیا ہے کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور اب مزید تاخیر فصلوں کی مکمل تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری اقدامات کرکے کسانوں کی سال بھر کی محنت اور فصلوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں



