تازہ ترین

پاکستان کلین لینس موومنٹ 2026، چترال میں چار روزہ صفائی مہم کا آغاز

چترال (ڈیلی چترال نیوز)ڈائریکٹر محکمہ امورِ نوجوانان عباس آفریدی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی زیرِ نگرانی ڈسٹرکٹ یوتھ آفس لوئر چترال اور ٹی ایم اے لوئر چترال کے باہمی اشتراک سے پاکستان کلین لینس موومنٹ 2026 کے عنوان سے چار روزہ صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔اس سلسلے میں ٹی ایم اے آفس چترال سے چھاؤنی پل تک واک اور صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں یوتھ آفس، ٹی ایم اے کے اسٹاف اور رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے سڑک کے دونوں اطراف موجود کچرا اٹھا کر گاڑیوں میں منتقل کیا۔مہم کا مقصد چترال کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کو فروغ دینا، ماحول کو صاف و سرسبز رکھنا اور عوام میں صفائی کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر لوئر چترال فرہاد اللہ اوردوسروں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور یوتھ دفاتر کی زیرِ سرپرستی خصوصی صفائی مہمات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کا بنیادی مقصد نوجوانوں اور عام شہریوں میں صفائی، حفظانِ صحت اور ماحولیاتی بہتری کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ چار روزہ مہم کے دوران گلی محلوں، بازاروں اور عوامی مقامات سے کچرا اٹھانے، شہریوں کو صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کی ترغیب دینے اور نوجوانوں و رضاکاروں کو فلاحی سرگرمیوں میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر محکمہ امورِ نوجوانان عباس آفریدی نے خیبر پختونخوا بھر میں چار روزہ پاکستان کلین لینس موومنٹ 2026 شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت چترال میں بھی صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔شرکاء نے کہا کہ صفائی مہم کا آغاز حکومت کا انتہائی قابلِ تحسین اقدام ہے، تاہم بحیثیت مسلمان ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام میں صفائی کو نصف ایمان کا درجہ دیا گیا ہے۔ لہٰذا صاف اور صحت مند ماحول کے قیام کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button