گورنمنٹ دارالعلوم چترال: دو طلبہ کی تکمیلِ حفظِ قرآن کی مناسبت سے پروقار تقریب کا انعقاد

چترال (نمائندہ ) گورنمنٹ دارالعلوم چترال واقع شاہی مسجد میں شعبۂ حفظ القرآن کے دو ہونہار طلبہ، محمد انس اور محمد فؤاد کی تکمیلِ حفظِ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس بابرکت تقریب کے دوران دارالعلوم چترال کے استاذ الحدیث مولانا ثناء اللہ نے دونوں طلبہ کا آخری سبق سنا اور ان کی تکمیلِ حفظ کی تصدیق فرمائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر دارالعلوم چترال و خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان نے قرآن کریم کی عظمت اور حافظِ قرآن کے مقام و مرتبے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم پوری انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے اور اپنے سینے میں اسے محفوظ کرنا اللہ تعالیٰ کا خصوصی فضل ہے۔
انہوں نے فارغ التحصیل حفاظ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو قرآن کی تعلیم دلانا دنیا و آخرت کی بہترین سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے حفاظ کو تلقین کی کہ وہ تلاوت، مراجعت اور قرآنی احکام پر عمل کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں کیونکہ حفظِ قرآن صرف لفظوں کو یاد کرنے کا نام نہیں بلکہ اسے اپنے اخلاق اور کردار میں نافذ کرنے کا عہد ہے۔
تقریب کے اختتام پر دارالعلوم کے تمام متعلقین کو اس عظیم سعادت پر مبارک باد دی گئی اور دونوں حفاظِ کرام کے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی، پائیدار مراجعت اور دارالعلوم چترال کی مزید ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔







