تازہ ترین

یونیورسٹی آف چترال میں چترال یوتھ ایکسپو 1.0 کا افتتاح، نوجوانوں کے لیے دو روزہ سرگرمیوں کا آغاز

چترال: یونیورسٹی آف چترال میں چترال یوتھ ایکسپو 1.0 (2026) کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ دو روزہ ایکسپو کا افتتاح ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ اور ڈی پی او لوئر چترال خالد خان نے مشترکہ طور پر کیا۔ یہ تقریب وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ کی قیادت اور وژن کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔

ایکسپو کا انعقاد ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ، یوتھ ایمپاورمنٹ کلب یونیورسٹی آف چترال، مسلم ایڈ پاکستان، ایس آئی ایف (SIF) اور چترال چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں، جدت، کاروبار اور سماجی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

دو روزہ ایکسپو میں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تحفظ، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، کیریئر کونسلنگ، اسٹارٹ اپس، سماجی شمولیت اور پانی و صفائی (WASH) سمیت اہم موضوعات پر سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ پروگرام میں صنفی اور نسلی امتیاز سے بالاتر ہوکر نوجوانوں کے لیے مساوی مواقع اور پائیدار ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے کہا کہ یونیورسٹی محض تعلیم حاصل کرنے کی جگہ نہیں بلکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور قیادت کو پروان چڑھانے کا پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال یوتھ ایکسپو کلاس روم کے علم کو عملی زندگی سے جوڑنے، طلبہ کو اپنے کاروباری منصوبوں، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار اور صنعت و کاروباری حلقوں سے روابط کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان مستقبل کے رہنما ہی نہیں بلکہ آج کے جدت کار اور تبدیلی کے علمبردار بھی ہیں، اور ایسی سرگرمیاں انہیں مثبت کردار ادا کرنے، نئے خیالات کو عملی شکل دینے اور چترال سمیت ملک کی ترقی میں حصہ لینے کے لیے بااختیار بناتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button