چپرسن کی کمیونٹیز محفوظ اور بہتر مستقبل کی تعمیر میں مصروف/کمیونٹی کی قیادت میں جاری بحالی کا عمل زلزلہ متاثرہ خاندانوں کے لیے نئی امید، محفوظ رہائش اور ایک مضبوط مستقبل کی بنیاد بن رہا ہے۔

۲۷ نومبر ۲۰۲۶، اسلام آباد: زلزلوں کے مسلسل جھٹکوں اور جنوری 2026 کے تباہ کن زلزلے کے بعد، وادی چپرسن میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے تھے۔ فوکس ہیومینیٹیرین اسسٹنس پاکستان (FOCUS)، آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN)، اسماعیلی کونسل برائے پاکستان ، حکومت ، دیگر شراکت داروںاور مقامی کمیونٹیز نے مل کر متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے کام شروع کیا ۔ ابتدائی مرحلے میں متاثرہ لوگوں کو ہنگامی خیمے، خوراک، بستر، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جیالوجیکل سروے آف پاکستان (GSP) کے تعاون سے علاقے کا جائزہ لیا گیا تاکہ گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لیے زیادہ محفوظ اور مستحکم مقامات کا انتخاب کیا جا سکے۔
امامت کی فراخدلانہ معاونت سے شروع کیا جانے والا روشان (RUSHAN – Resilient, Unshaken Shelter and Humanitarian Action Nexus (چپرسن 2026-2027 منصوبہ ہنگامی امداد سے مستقل بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس منصوبے پر فوکس پاکستان، مقامی کمیونٹیز اور اسماعیلی کونسلات کے تعاون سے عمل درآمد کر رہا ہے۔ اس کا مقصد صرف گھروں کی تعمیر نہیں بلکہ مقامی لوگوں کو اپنی بحالی کے عمل میں مرکزی کردار دینا بھی ہے۔ شدید سردیوں سے پہلے پہلے خاندانوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے کے لیے مرد، خواتین اور نوجوان مل کر مقامی سطح پر دستیاب تعمیراتی سامان، ہنر مند اور غیر ہنر مند کاریگروں کے ذریعے ایسے تیار شدہ گھروں کی تعمیر میں حصہ لے رہے ہیں جو سرد موسم کا مقابلہ کرنے اور زیادہ محفوظ زندگی فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
مختصر وقت میں ہونے والی یہ پیش رفت کمیونٹی کے عزم اور اجتماعی کوششوں کی عکاس ہے۔ اکتوبر میں تعمیراتی کام شروع ہونے کے صرف 45 دن کے اندر 98 شیلٹرز کی بنیادوں پر کام شروع ہو چکا تھا، جن میں سے 76 کی بنیادیں مکمل ہو کر پلنتھ لیول تک پہنچ گئی تھیں۔ ان شیلٹرز کے تیار شدہ حصے بھی مقامی علاقے میں پہنچا دیے گئے ہیں اور ان کی تنصیب کا کام اس ہفتے شروع ہونے والا ہے۔ یہ پیش رفت اس بات کی مثال ہے کہ جب مقامی تجربے، کمیونٹی کی قیادت اور مضبوط شراکت داری کو یکجا کیا جائے تو متاثرہ علاقوں کی بحالی میں تیزی لائی جا سکتی ہے۔.
فوکس پاکستان کی سی ای او نصرت نصب نے کہاکہ”فوکس کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور دیکھ رہی ہیں کہ لوگ اپنے گھروں اور زندگیوں کو دوبارہ سنوارنے کے لیے کس قدر پُرعزم ہیں۔ کمیونٹیز خود آگے بڑھ کر اپنی بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔ یہ منصوبہ ایک عملی نمونہ فراہم کرے گا جس کی مدد سے پہاڑی علاقوں میں کمیونٹی کی قیادت میں آفات سے محفوظ رہائشی ماڈلز کو فروغ دیا جا سکے گا۔”
اسماعیلی کونسل فار پاکستان کے صدر نزار میواوالا نے کہاکہ”ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ بے گھر ہونے والے خاندان اپنی زندگی دوبارہ بحال کر سکیں اور مستقبل کے چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنے کے قابل بنیں۔ ہم چپرسن کے لوگوں کے لیے اسماعیلی امامت کی فراخدلانہ معاونت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں، اور ان تمام اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو پہلے دن سے اس کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
یہ منصوبہ صرف محفوظ گھروں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ وادی بھر میں سردیوں کی تیاری اور انسانی ہمدردی پر مبنی دیگر اقدامات بھی جاری ہیں، جن میں پانی اور صفائی کی بہتر سہولیات، مویشیوں کے لیے شیلٹرز اور کمزور خاندانوں کے لیے سرد موسم میں ضروری امداد شامل ہے۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف موجودہ ضروریات پوری کرنا ہے بلکہ کمیونٹیز کو مستقبل میں پیش آنے والی مشکلات کا بہتر مقابلہ کرنے کے قابل بنانا بھی ہے۔
ہنگامی خیموں کی فراہمی سے لے کر محفوظ اور زیادہ مضبوط گھروں کی تعمیر تک، چپرسن کی بحالی کی یہ کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا گیا۔ یہ کمیونٹی کی طاقت، مشترکہ کوششوں کی اہمیت اور مضبوط شراکت داریوں کی ایک روشن مثال ہے، جو ایک زیادہ محفوظ اور باوقار مستقبل کی بنیاد رکھ رہی ہیں۔



