179

پختونخوا کے وزیر شاہ فرمان نے خواتین سے متعلق ریمارکس پر معافی مانگ لی

خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین کے بارے میں غیرپارلیمانی الفاظ کے استعمال اور پیپلزپارٹی کی خاتون رکن نگہت اورکزئی کے ساتھ تلخ کلامی کے واقعے پر صوبائی وزیر شاہ فرمان نے اپنے الفاظ واپس لے لئے۔

گزشتہ روز صوبائی اسمبلی اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے قبل اسپیکر نے صوبائی وزیر شاہ فرمان اور پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر محمد علی شاہ باچا اور خاتون ایم پی اے نگہت اورکزئی کو اپنے چیمبر میں بلا کر فریقین میں تلخی ختم کرا دی۔

اسمبلی اجلاس میں صوبائی وزیر شاہ فرمان نے کہا کہ میرے الفاظ سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اپنے الفاظ واپس لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ اسمبلی اجلاس کے دوران شاہ فرمان کی جانب سے نگہت اورکزئی کو کلمونہی کہا گیا تھا جبکہ دیگر خواتین اراکین کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی تھی جس کا نوٹس لیتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ شاہ فرمان کو خواتین کے ساتھ بدتمیزی پر معافی مانگنی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں