وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ کی زیر صدارت یونیورسٹی آف چترال کی اکیڈمک کونسل کا 9واں اجلاس، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کی تجویز پر غور

چترال : یونیورسٹی آف چترال کی اکیڈمک کونسل کا 9واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضِر اللہ کی زیر صدارت یونیورسٹی کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے تعلیمی، انتظامی اور پالیسی سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں میرٹ اسکالرشپ کے قواعد و ضوابط میں ترامیم، خالی نشستوں کے مؤثر استعمال، طلبہ کی مائیگریشن اور کریڈٹ ٹرانسفر سمیت امتحانات سے متعلق مختلف معاملات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں شعبہ جات نباتیات اور حیوانیات کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی (Climate Change and Sustainability) کے موضوع پر چار سالہ بی ایس پروگرام متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس کے علاوہ بی ایس کمپیوٹر سائنس کے پانچویں سمسٹر میں اضافی نشستوں کی فراہمی، این سی ای اے سی (NCEAC) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے معیار کے مطابق ادارہ جاتی پالیسیوں کی تشکیل اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



