265

خیبر پختونخوا پولیس کو پیشہ ورانہ تربیت اور بہترین استعدادی صلاحیتوں کے حوالے سے ماڈل فورس بنایا جائے گا۔/آئی جی صلاح

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کو پیشہ ورانہ تربیت اور بہترین استعدادی صلاحیتوں کے حوالے سے ماڈل فورس بنایا جائے گا۔یہ بات انہوں نے پولیس سکول آف ٹیکٹس حیات آباد پشاور میں ایڈوانس کورس مکمل کرنے والے پولیس افسروں میں کورس سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کورس میں صوبہ بھر کے ایس ڈی پی اُوز کو حساس اور اہم تنصیبات اور مقامات کی سیکورٹی اور فورس کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کے بارے میں تربیت دی گئی۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور اُن کے حقوق کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ پولیس ہر قسم کی تربیت سے آراستہ ہو اور اس کورس کا بنیادی مقصد بھی افسروں کو اپنی فورس کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ مسلسل تربیت فورس کے جوانوں کی استعدادی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فورس کے ہر رینگ کے افسروں کو بہترین تربیت سے آراستہ کیا جائیگااور مرحلہ وار پورے صوبے کے تمام ایس ڈی پی اُوز اس ایڈوانس کورس کو مکمل کریں گے جبکہ اگلے مرحلے میں مزید تفصیلی کورسز بھی ترتیب دیئے جائیں گے۔ آئی جی پی نے کورس کے شرکاءپر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں واپس جاکر یہاں پر حاصل کردہ تربیت کا عملی مظاہرہ کریں۔ آئی جی پی نے کہا کہ فورس کی حفاظت میں کسی بھی کوتاہی کی صورت میں فیلڈ افسران سے جواب طلبی کی جائیگی۔ واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کاتیسرا کورس تھا اور اسمیں صوبہ بھر سے 22 ایس ڈی پی اُوز نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں