بعض افراد گمراہ کن بیانات کے زریعے آل پاکستان مسلم لیگ چترال کی قیادت کے بارے میں غلط بیانی کر رہے ہیں

چترال(نمائندہ )آل پاکستان مسلم لیگ چترال کے طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اے-پی-ایم-ایل چترال اور گلگت بلتستان کی رہنمائی براہ راست پارٹی کے چیرمئین پرویز مشرف کے ہاتھ میں ہے. ضلع چترال کے لیے پارٹی کے صدر سلطان وزیر اور دیگر نئی قیادت اور کابینہ کی منظوری چیرمئین پرویز مشرف کے ساتھ مشاورت اور ان کی باقاعدہ منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہے. بعض افراد گمراہ کن بیانات کے زریعے آل پاکستان مسلم لیگ چترال کی قیادت کے بارے میں غلط بیانی کر رہے ہیں جس کا مقصد عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے. سابق صدر پرویز مشرف سے عقیدت رکھنے والوں اور آل پاکستان مسلم لیگ چترال کے مخلص دوستوں سے گذارش ہے کہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں. ہم پارٹی اصولوں سے منحرف ان مفاد پرست ٹولوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں. چترال کی عوام پرویز مشرف کے مثبت فیصلے کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے جس کی بنیاد پر ضلع چترال میں ایک نئی, باصلاحیت, بےداغ, اورعوام کی خدمت سے سرشار کابینہ تشکیل دی گئی ہے. دریں اثنا پارٹی قیادت اپنے مخلص کارکنوں کو یقین دلاتی ہے کہ نظم و ضبط اور پارٹی کے جمہوری اصولوں کے اندر رہتے ہوۓ جائز شکایات سننے کے لیے تیار ہے. مگر اس سلسلے میں کسی قسم کی دھونس دھمکی اور غیرآئینی طرز عمل برداشت نہیں کیا جاۓ گا.



