Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

تجار یونین اپر چترال کی کال پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلے میں اپر چترال کے تمام کاروباری مراکز بند رہے

پاکستان ٹریڈ فیڈریشن اور ٹریڈ فیڈریشن ملاکنڈ ڈویژن کے اعلان کے تحت اپر چترال میں بھی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلےمیں جملہ کاروباری مراکز میں شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی۔ اس سلسلے میں بونی بازار کے علاوہ ریشن بازار، موڑکھو بازار، مستوج بازار اور ملحقہ تجارتی مراکز بھی مکمل طور پر شٹر ڈاون کرکے دنیا کو یہ پیغام دیا گیا کہ تجار برادری جہاں بھی ہے، اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے دکھ درد کو محسوس کر رہی ہے اور اپنی اس ہڑتال کے ذریعے عالمی قوتوں سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیل کی ظلم و جبر اور بربریت کو روکا جائے۔ بونی میں صدر رحیم خان کی قیادت میں ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا اور بینر اٹھاتے ہوئے غاصب اسرائیلی حکومت کے خلاف واشگاف نعرہ بازی کی گئی۔ ریلی میں تجار برادری کے علاوہ مختلف طبقاتِ فکر کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بازار یونین کے صدر رحیم خان، سینئر نائب صدر محمد اسلام، نائب صدر افسر علیم ، سابق صدر محمد شفیع اور سابق جنرل سکرٹری نوروز علیشاہ نے خطاب فرماتے ہوئے شدید الفاظ میں اسرائیلی غاصب حکومت کے سفاکانہ کردار کی مذمت کی۔ انہوں نے عالمی دنیا اور عالم اسلام سے فعال کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ بعد میں پریس کلب اپر چترال کے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر، سینئر نائب، نائب صدر، سابق صدر اور دیگر نے تجار برادری سے اسرائیلی مصنوعات کی مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔ صدر تجار یونین رحیم خان نے شٹر ڈاون ہڑتال کو 100% کامیاب بنانے پر بازار بونی کے جملہ کاروباری حضرات، بازار ریشن، مستوج، موڑکھو اور ملحقہ علاقہ جات کے تاجروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف تاجر برادری کی مثالی اتحاد سے ثابت ہوا کہ تاجر برادری ہر حساس مسئلے پر ایک صفحے پر ہوتی ہے اور اپر چترال کے سارے تاجر ہر اجتماعی مسئلے پر ایک دوسرے کے دست و بازو بن جاتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button