مرتضیٰ بھٹو کی برسی، دکھ ہے والد کو انصاف نہیں ملا: فاطمہ بھٹو
کراچی(نیوزڈیسک) میرمرتضیٰ بھٹو کی21 ویں برسی کے موقع پر ا ن کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو نے انسٹا گرام پر اپنے والد کی تصویر کے ہمراہ پیغام شیئر کیا ہے‘ کہتی ہیں کہ دکھ یہ ہے کہ انصاف نہیں ملا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے صاحبزادے میر مرتضیٰ بھٹو کی21 ویں برسی آج بروز بدھ کو منائی جا رہی ہے‘ وہ 42سال کی عمر میں20 ستمبر1996 کو کراچی میں اپنے گھر
کے قریب فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔ برسی کے سلسلہ میں مرحوم کی بیوہ غنویٰ بھٹواور پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کے زیر اہتمام لاڑکانہ سمیت ملک بھر میں تعزیتی تقریبات انعقاد پذیر ہوں گی اور مرحوم کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیاجائے گا۔سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پیغام میں فاطمہ بھٹو کا کہنا ہے کہ اکیس سال قبل میرے والد کو ہمارے گھر کے سامنے قتل کیا گیا۔ ہمیں ان کی عدم موجودگی کا صدمہ اٹھائے اکیس سال گزر گئے اور ساتھ ہی یہ ہمیں یہ دکھ بھی سہنا پڑا کہ انہیں اور ان کے ساتھ قتل ہونے والے ساتھیوں کو انصاف نہیں ملا۔ لیکن ان تمام عرصے میں‘ میں جب بھی ان کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے تصور میں ان کا ہنسات مسکراتا چہرہ ہی آتا ہے۔