287

حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے گلگت بلتستان میں امن وامان بحال ہوا ،حفیظ الرحمن

گلگت وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے گلگت بلتستان میں امن وامان بحال ہوا ہے جس میں علمائے کرام، سول سوسائٹی کا کردار قبال تحسین رہاہے۔ بھائی چارگی اور امن وامان کے اس ماحول کو قائم و دائم رکھنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ امن وامان کی وجہ سے گلگت بلتستان کی رونقیں بحال ہوئی ہیں۔ سابق حکومتوں کی عدم دلچسپی اور نااہلی کی وجہ سے بہت سے مسائل تھے جس کو مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے حل کئے ہیں۔ امن وامان کی وجہ سے گلگت بلتستان میں سیاحوں کی بڑی تعداد آرہی ہے اور علاقے کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہورہاہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی دورہ گلگت کے موقع پر گلگت بلتستان کے امن وامان کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے امن وامان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ شہر خموشاں منصوبے کے تحت سکردو میں ایک ہزار کنال زمین قبرستانوں کیلئے دی گئی ہے۔ گلگت میں بھی شہر خموشاں منصوبے کے تحت قبرستانوں کیلئے زمین فراہم کی جائے گی۔ ادھر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کا آئندہ اجلاس اسمبلی کی نئی عمارت کیا جائے گا۔ چہلم کے بعد نئی اسمبلی بلڈنگ کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی مستقلی کے حوالے سے بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جس میں ایسے سپیشلسٹ ڈاکٹرز جو مختلف شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں اور سابق حکومتوں نے جنہیں ٹرمینٹ یا ڈسمس کیا ہے ان کو دوبارہ ملازمت دینے کے حوالے سے بھی قانونی پہلوئوں کا جائزہ لیا جارہاہے۔گلگت بلتستان آرڈر2018 کے تحت کونسل کامن انٹریسٹ اور تمام آئینی اداروں میں گلگت بلتستان کی نمائندگی لازمی قرار دی گئی ہے جس کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کی جاچکی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان سے حالیہ ملاقات میں بھی گلگت بلتستان آرڈر2018کے تحت آئینی اداروں میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کو جلد از جلد یقینی بنانے پر بات ہوئی ہے صدر پاکستان سے بھی ملاقات میں اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی بات کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان، صوبائی وزراء ڈاکٹر محمد اقبال، اورنگزیب ایڈووکیٹ ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت بلتستان کے تفصیلی دورے کے موقع پر گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے امن وامان کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اور صفائی کے انتظامات کی تعریف کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں