تازہ ترین

تبدیلی سرکار کی پالیسیاں عوام دشمن بن چکی ہیں۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان قراقرم یونیورسٹی کے طلباء کیساتھ کھڑی ہے،سعدیہ دانش

گلگت/پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا کہ قراقرم یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے فیسوں کے اہم مسئلے پر احتجاج کے باوجود نہ ہی وفاقی حکومت کے کان میں جوں رینگی ہے اور نہ ہی صوبائی حکومت ٹس سے مس ہورہی ہے۔ طلباء کیساتھ کی جانے والی زیادتیوں پر ہم خاموش نہیں رہینگے۔ ماسٹرز کے طلباء کے لئے فیس معافی کا تحفہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں دیا تھا۔ جسکو موجودہ تبدیلی سرکار نے ختم کرکے پسماندہ خطے کے طلباء کے مستقبل پر ڈرون حملہ کیا ہے۔تبدیلی سرکار کی پالیسیاں عوام دشمن بن چکی ہیں۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان قراقرم یونیورسٹی کے طلباء کیساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم میں طلباء حقوق کی جنگ لڑنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قراقرم یونیورسٹی کے طلباء پر وفاقی حکومت نے ڈرون حملہ کیا ہے جسکی وجہ سے کافی دنوں سے طلباء اپنے حقوق کے حصول کے لئے سراپا احتجاج ہیں۔ لیکن نہ ہی وفاق کے نمائندے گورنر کی جانب سے ان طلباء کی شنوائی ہوئی ہے اور نہ ہی صوبائی حکومت نے ان طلباء کا موقف وفاق تک پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومت کی اداکاریوں کیوجہ سے طلباء کا مستقبل ضائع ہورہا ہے فیسوں کے اس اہم نوعیت کے مسئلے پر تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کو بھی وفاقی حکومت تک آواز پہنچانا چاہیے تھا ان کی خاموشی سے بھی بھرپور اندازہ ہو رہا ہے کہ لوٹوں کا یہ گروہ گلگت بلتستان کے ساتھ کتنا مخلص ہے تحریک انصاف کا پہلا حملہ طلُبہ پر ہوا ہے آہستہ آہستہ غریبوں پر بھی یہ حملے ہو رہے ہیں جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کبھی خاموش نہیں رہے گی اور گلگت بلتستان کے مسائل اور خاص کر طلبہ کے مسائل پر آواز اٹھاتی رہے گی

Related Articles

Back to top button