447

آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹاٹ (AKAH)کے زیر نگرانی کندوجال میں واٹر سپلائی اسکیم کا افتتاح

گرم چشمہ / کندوجال کے باسیوں کے لئے آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹاٹ کی جانب سے 40 ہزار فٹ کی دوری سے لائے گئے پینے کے صاف اور صحت بخش پانی کے اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ پروجیکٹ کی تکمیل سے کندوجال گاؤں کے 140 گھرانوں کو 24 گھنٹے صاف پانی کی فراہمی شروع ہوچکی ہے۔ افتتاحی تقریب میں AKAH کے آر پی ایم، لوکل کونسل گرم چشمہ کے پریذیڈنٹ، AKAH کی انجینئرنگ اسٹاف اور علاقے کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریذیڈنٹ لوکل کونسل گرم چشمہ جمیل احمد نے کرونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے تقریب کے انعقاد پر علاقے کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات میں کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے عوام، کونسل اور حکومتی اداروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مگر آج کی تقریب ایک ماڈ ل تقریب کے طور پر سب کے ذہنوں میں رہے گا اور ہم لوگوں کو اب بتا سکیں گے کہ ایس او پیز کا خیال کرتے ہوئے تقریبات کا انعقاد کیسے کیا جاسکتا ہے۔ AKAH کے سنیئر انجینئر الطاف حسین شاہ نے واٹر سپلائی پروجیکٹ کے اغراض و مقاصد پر مکمل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ AKAH علاقے کے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اپنے تمام پروجیکٹس پر کام کررہا ہے۔ ادارے کے پروجیکٹس کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔ ادارے کے آر پی ایم امیر محمد نے بھی اپنی تقریر میں کرونا ایس او پیز پر بہترین عمل درآمد کرنے پر علاقے کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ AKAH گزشتہ کئی دہائیوں سے پورے ملک خاص طور پر چترال کے لوگوں کو بنیادی انسانی سہولتوں کی فراہمی پر کام کررہاہے۔پانی اللہ تعالی کی طرف سے ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔ آپ لوگوں کا واٹر سپلائی پروجیکٹ مکمل ہوچکا ہے یقینا 40 ہزار فٹ کی دوری اور مشکل ترین پہاڑی علاقوں سے گزر کر آنے والی پائپ لائن کو کامیاب بنانے میں آپ لوگوں نے ادارے کا بہت زیادہ ساتھ دیا ہے۔ کسی بھی پروجیکٹ کی تکمیل ہی اس کی کامیابی نہیں ہوتی۔ اب آپ لوگ پانی کا استعمال کیسے کرتے ہیں، اپنے پائپ کی حفاظت کیسے کرتے ہیں۔ یہ اصل کامیابی ہوگی۔ہمیں ان تمام نعمتوں کے لئے اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ شکر کا صلہ بہت بڑا ہوتا ہے۔AKDN کے ادارے حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں آپ لوگوں سے بھی گزارش ہے کہ جتنے بھی نوجوان ہیں انہیں خودانحصاری کی طرف بڑھنا چاہئے۔ اپنے علاقے کی ترقی کے لئے کام کریں۔ان کا کہنا تھا کہ واٹر سپلائی کے لئے یہ سارا فنڈ نیشنل کونسل کی طرف سے فراہم کیا گیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھاکہ جب تک کرونا کی وبا مکمل طور ختم نہ ہو ہمیں آج کی طرح احتیاط کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہئے۔یہ ہرفرد کی زندگی کے لئے اہم ہے۔
تقریب میں علاقے کے عمائدین کی جانب سے مقامی لنک روڈ اور نکاسی آب کے سلسلے میں مدد کی اپیل کی گئی جس پر لوکل کونسل کے صدر اور آر پی ایم نے حتی الامکان کوشش کرکے گاؤں کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اور بہترین تقریب کے انعقاداور نئے واٹر سپلائی اسکیم کی کامیابی پر سب کو مبارک باد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں