338

تبدیلی کے بلند بانگ دعوے کرنے والوں نے جس طرح سے وفاق میں حکومت صرف ہوائی دعووں پر چل رہی ہے گلگت بلتستان کی بھی یہی صورتحال ہے/سعدیہ دانش

گلگت (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ گلگت شہر کے ہسپتالوں کے معاملات اور بجلی کی صورتحال گھمبیر ہوتی جا رہی ہے۔ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات اور بجلی کی فراہمی کے حوالے سے عملی اقدامات کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ حکمرانوں نے دارلحکومت کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ صحت جیسا اہم ترین شعبہ حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کے وزراء کو کارکردگی کے بجائے محض مراعات کی فکر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیسی تبدیلی ہے جس میں حکومتی وزرائ  عوامی مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کرنے کے بجائے ذاتی مفادات کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ تبدیلی کے بلند بانگ دعوے کرنے والوں نے اب تک کوئی ترجیحات ہی طے نہیں کی ہیں جس طرح سے وفاق میں حکومت صرف ہوائی دعووں پر چل رہی ہے گلگت بلتستان کی بھی یہی صورتحال ہے۔ پورا گلگت بلتستان اعصاب شکن لوڈ شیڈنگ کی اذیت سہہ رہا ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے بھی کوئی عملی اقدامات اٹھانے میں ناکام نظر آتی ہے۔ ایک ایسے دور میں جہاں بجلی کے بغیر زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اس بحران کے خاتمے کے حوالے سے عملی اقدامات نہ کرنا بے حسی کی انتہا ہے۔ گلگت بلتستان کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے طول المدتی اور بڑے بجلی کے منصوبوں پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے عوامی مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے اپوزیشن بھرپور ساتھ دے گی ہم گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے صوبائی حکومت کا ضرور ساتھ دینگے مگر جہاں عوامی مفادات کے خلاف اقدامات کئے جائیں گے وہاں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں