253

سوات کا سیدو شریف ایئرپورٹ 17سال بعد فعال، اسلام آباد سے پہلی پرواز پہنچ گئی

سوات:  حکومت کی جانب سے ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں لگ بھگ 17 سال بعد وادی سوات کے سیدو شریف ہوائی اڈے کو فعال کر دیا گیا ہے اور  پاکستان  انٹرنیشنل ایئرلائن کی پہلی پرواز سیدو شریف ائیر پورٹ پر آج یعنی جمعہ کو لینڈ کرگئی۔

17 سال کے طویل عرصے بعد سوات ایئر پورٹ کو پروازوں کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا۔  پی آئی اے کی پرواز PK 650 مقررہ وقت پر 10 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوئی اور 11 بجے سیدو شریف سوات پہنچ گئی۔

خصوصی پرواز میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود علی خان ، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور وفاقی وزیر مراد سعید نے سفر کیا۔  تمام افراد نے قطار میں لگ کر بورڈنگ کارڈ حاصل کیا۔

ایئرپورٹ پر پرواز سے قبل کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے معزز مہمانوں کو گلدستے اور تحائف پیش کئے۔ سوات ائیر پورٹ پر فلائٹ سے آنے والے مہمانوں کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔

ابتدائی طور پر اسلام آباد سے سوات کے لئے ہفتے میں دو دن پرازیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے سوات کی فلائٹس کراچی اور لاہور سے آنے والی فلائٹس کے ساتھ کنکٹ ہونگی۔

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ سترہ سال بعد سوات کے لیے پی آئی اے کی پروازیں شروع کر رہے ہیں، مالی مشکلات اور دہشت گردی کی وجہ سے پچھلے ادوار میں یہ پروازیں بند تھیں، سوات اور مالاکنڈ کے عوام نے سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ بڑی جوانمردی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پی آئی اے کی سوات کیلئے پروازیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

غلام سرور خان نے بتایا کہ ہفتے میں دو پرواز یں لاہور اور اسلام آباد سے سوات تک شروع کر دی گئی ہیں جن میں اضافہ کیا جائے گا، پی آئی اے کی پروازوں سے نہ صرف قومی ایئر لائن کی آمدنی میں اضافہ ہو گا بلکی سوات میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا، ان پروازوں سے سوات کے علاقے میں مزید ترقی دیکھنے کو ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں