293

رمضان نزول قرآن کا مہینہ، عظمتوں کا نشان اور نیکیوں اور برکتوں کا موسم بہار ہے، خطیب شاہی مسجد چترال

چترال– خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کاکاخیل نے کہا ہے کہ اسلامی سال کے تمام مہینوں میں جو عزت و افتخار اور عظمت و وقار رمضان المبارک کوحاصل ہے وہ کسی بھی مسلمان سے مخفی نہیں۔ یہی وہ مبارک مہینہ ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری پیغام ہدایت قرآن کریم کے نزول کے عز و شرف کے لیے منتخب فرمایا۔ یہی وہ مہینہ ھے جو رب کریم کی عبادت، اس کی بارگاہ میں رسوم بندگی و تذلل کی سر بلندی بجا لانے اور ریاضت و عبدیت کے تقاضوں کو نبھانے کا موسم بہار کہلاتا ہے۔ اس مبارک مہینے ہر طرف رحمت خداوندی کی برسات ہوتی ہے اور پورا مہینہ تقدس کی چادر فضائے بسیط کو اپنی تحویل میں لے لیتی ہے۔ ایک فرض کاثواب اس مبارک مہینے میں ستر فرضوں کے برابراور نفل فرض کے برابر شمار کیا جاتا ہے۔ عبادات کے اس بابرکت ماحول میں نیکی کرنا آسان اوربرائی سے بچنا بھی انسانی طبیعت کے لیے سہل ہوجاتاہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا خلیق الزمان نے شاہی مسجد چترال میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ خطیب شاہی مسجد نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ رمصان المبارک کی قدر کرنے اور اس عظیم مہینے کے ہر ہر لمحے کو قیمتی بنانے کیلئے صرف ایک مہینہ نکال کر اپنے آپ کو نیکیوں اور اعمالِ خیر کیلئے وقف کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ایک مہینے کی برکت سے انسانی روحانی طور پر مکمل اوور ہال ہوجاتا ہے اور سال بھر اللہ کی عبادت اور دین کے احکام و تعلیمات پر عمل کرنے میں ہونے والی کمی کوتاہیوں کا ازالہ ہوجاتا ہے۔ مولانا خلیق الزمان نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے حوالے سے اہل ایمان مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اہل ایمان جہان کہیں بھی جس فیلڈ میں بھی کام کررہے ہوں روزوں کے دوران اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے مستعد رہیں۔ خصوصا دفتروں میں کام کرنے والے حضرات رمضان المبارک میں روزہ داروں کے کام جلد نمٹانے کی کوشش کریںانہوں نے کہا کہ تجار برادی پر رمضان المبارک میں بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی تجارت اور خرید فروخت میں عام لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں، قیمتوں میں رمضان کی برکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہر ممکن حد تک رعایت کریں اور قرض داروں سے بھی نرمی کا معاملہ کریں، ان شاء اللہ ان کے اس عمل کی بدولت اللہ تعالیٰ کاروبار اور تجارت اور ان کے مال و اولاد میں برکتیں عطاء فرمائے گا۔ انہوں نے اہل خیر اور مالدار لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنےغریب ہمسایوں کو سحری اور افطاری میں حصہ دار بنائیں، ان شاءاللہ روزہ داروں کے روزوں کے ثواب میں آپ بھی برابر کے شریک ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں