313

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ گلگت، ہنزہ میں واقع پہلے آئی ٹی پارک کی سنگ بنیاد رکھی

گلگت/ وزیراعظم  پاکستان عمران خان نےجمعہ کے روز گلگت بلتستان کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے  نصیرآباد ہنزہ میں واقع پہلے آئی ٹی پارک کی سنگ بنیاد رکھی۔ پارک کی تختی نقاب کشائی چنار باغ، گلگت میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان، اسد عمر،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی، علی امین گنڈا پور، وفاقی وزیر برائے کشمیرامور اور گلگت بلتستان، ثانیہ نشتر، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے، میجرجنرل محمد شاہد صدیق، ڈی جی ایس سی او، کرنل عمران منصور، سیکٹر کمانڈر ایس سی او گلگت، حافظ شیرالی، صدر، اسماعیلی کونسل برائے پاکستان، اختر اقبال، سی ای او آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان، ایئر سی ڈیری وقار احمد، ڈائریکٹر آپریشنز اور خارجہ امور، اے کے ایف پی، حمد بن عبد الخالق، جوائنٹ ڈائریکٹر انکیوبیشن، پی آئی ٹی بی اور عثمان ناصر، ایم ڈی، پی ایس ای بی نے شر کت کی۔

سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (SCO)، حکومت پاکستان اور آغاخان فاؤنڈیشن (پاکستان) (AKF) نے مشترکہ طور پر IT پارک کا قیام کیا جوسٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی انفراسٹرکچر، تیز انٹرنیٹ کے ساتھ بلا تعطل بجلی، مرکز اور چھوٹے اور بڑھتے ہوئے کاروبار، اسٹارٹ اپس، فری لانسرز اور چیمبر آف کامرس کے لئے ایک مرکز ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، ”میں مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں حالیہ قابل ذکر پیشرفت سے خوش ہوں، جیسے کہ موبائل سروسز کی ترقی جس میں 4G اور انٹرنیٹ سروس کی فراہمی، کلاؤڈ بیسڈ ڈیٹا سنٹرز سے متعلق ڈیجیٹل سلیوشنز، جوخطے میں مثبت ترقی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔“

اس خطے میں نوجوانوں میں زبر دست صلاحتیں ہیں جن کو بہتر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) کے ذریعے اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ ڈیجیٹل ورک، فری لانسنگ اور آن لائن لیبر کے لئے پاکستان کا پہلے ہی دنیا کے بہترین 5 ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”قابل اعتماد آئی سی ٹی انفراسٹرکچر اور تیز رفتار انٹرنیٹ جی بی میں کام کرنے کا مناسب ماحول اور تمام شعبوں میں کام کرنے والے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔“

میجر جنرل شاہد صدیقی، ڈی جی ایس سی او، نے شرکا کو خطے میں ایس سی او کے متعدد منصوبوں کے بارے میں بتایا، جن میں چین آپٹیکل فائبر لنک، فائبر ٹو ہوم سروس، دور دراز علاقوں کے لیے سیٹلائٹ مواصلاتی نظام، کلاؤڈ بیسڈ ڈیٹا سینٹر، انکیوبیشن سنٹر اور آئی ٹی پارکس شامل ہیں۔ ہنزہ میں آئی ٹی پارک کی بنیاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے بتایا کہ ایس سی او کا مقصد ایسے آئی ٹی پارکس کی ایک ویب تخلیق کرنا ہے جو ”نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے اور سافٹ ویئر انڈسٹری میں انقلاب لانے کا مواقع فراہم کرے گا۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں