257

بَروم اویر پولو گراؤنڈ کا شاندار افتتاح 

گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیرِ انتظام بَروم اویر پولو گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کرایا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر شاہ عدنان تھے۔ تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں عمائدینِ علاقہ اور شائقین نے شرکت کی۔تقریب میں شاندار ثقافتی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں روایتی چترالی ڈھول، شہنائی اور رقص شامل تھے۔ ثقافتی پروگرام کا انعقاد اویر کے معروف اور ہردلعزیز سپوت احسان اللہ جان چارویلو کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے ممکن ہوا، جسے بہت زیادہ سراہا گیا۔اس موقع پر روایتی پولو کا ایک دوستانہ میچ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی ٹیم اور اویر پولو کلب کے مابین کھیلا گیا۔ یہ میچ اویر پولو کلب کی ٹیم چار بمقابلہ چھ سے جیت گئی۔یاد رہے کہ بروم اویر میں ریاستی پولو گراؤنڈ تقریباً مسخ ہو چکا تھا اور پولو کھیل کا انعقاد طاق نسیاں کا حصہ ہو کر کئی دہائیاں بیت گئی تھیں۔ گزشتہ سال سے صوبائی حکومت کی پولوگراؤنڈز کی بحالی اور تعمیر نو کی اسکیم کے تحت بروم اویر کے مشہور زمانہ ریاستی پولوگراؤنڈ کی بحالی اور تعمیر نو کا کام جاری تھا، جس کی تکمیل پر افتتاحی تقریب کا اہتمام کرایا گیا۔ امید واثق ہے کہ اویر ویلی میں پولوگراؤنڈ کی تعمیر نو اور سپورٹس کی صحت مند سرگرمیوں کی بدولت علاقے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آئیں گے۔ ڈسٹرکٹ پولو ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ سے گزارش کی جاتی ہے کہ اویر ویلی میں پولو کی بحالی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں