319

گلگت شندور ایکسپریس وے، تھاکوٹ تا رائیکوٹ ری الائمنٹ منصوبہ /سی پیک میں شامل

گلگت /وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے دسویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (JCC) اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی پیک کا منصوبہ 70سالوں پر محیط پاک چین دوستی کا مظہر ہے۔ گلگت شندور ایکسپریس وے اور تھاکوٹ تا رائیکوٹ کی ری الائمنٹ کے میگا منصوبے سی پیک میں شامل کرنے پر سی پیک اتھارٹیز کے مشکور ہیں۔ گلگت بلتستان سی پیک منصوبے میں گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے جس کا 596کلو میٹر بارڈر چین سے ملتا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ تقریباً 464کلو میٹر شاہراہ قراقرم خنجراب تا بسریٰ پاس گلگت بلتستان سے گزر رہا ہے۔ اس اہم موقع پر یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ واپڈا اور GIZ کے کئے جانے والے سروے کے مطابق 42 ہزار میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹس گلگت بلتستان میں لگائے جاسکتے ہیں۔ 27ہزار میگاواٹ کے منصوبوں کی پہلے ہی نشاندہی کی جاچکی ہے۔ 27ہزار میگاواٹ کے جن منصوبوں کی نشاندہی کی جاچکی ہے صرف ان منصوبوں پر ہی توجہ دیں تو 165ملین گیگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جو پاکستان کی آبادی کیلئے کافی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 100میگاواٹ کے آئی یو اور 80 میگاواٹ پھنڈر کے منصوبوں کو سی پیک میں F-EPC موڈ کے تحت شامل کیا جائے تاکہ ان منصوبوں پر کام ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ٹرانسپورٹیشن سیکٹر میں استور مظفر آباد روڈ(شونٹر ٹنل) کا منصوبہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کو بھی سی پیک میں شامل کیا جائے جس سے تجارت کیلئے متبادل روٹ میسر آئے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان معدنیات کے شعبے میں بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں جس کیلئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ گلگت بلتستان سیاحت کے شعبے میں منفرد مقام رکھتا ہے اس شعبے کے فروغ کیلئے حکومت گلگت بلتستان ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ مستقبل میں گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ تعمیر ہوگا جو بین الاقوامی تجارت اور سیاحت میں معاون ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں