221

تجار یونین چترال کی کابینہ کا ایک اجلاس، ایگزیکٹیو کونسل کے اراکین کے ناموں کی منظوری۔ضلعی انتظامیہ سے متعلقہ اداروں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ

تجار یونین چترال کی کابینہ کا ایک اجلاس ہفتہ 16اکتوبر مرکزی دفتر تجار یونین میں زیر صدارت بشیر احمد صدر تجار یونین چترال منعقد ہوا۔اجلاس میں کثیر تعداد میں کابینہ اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں اراکین کابینہ نے طویل مشاورت کے بعد ایگزیکٹیو کونسل کے اراکین کے ناموں کی منظوری دی اور یہ فیصلہ ہوا کہ روان مہینے نئے ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس بلا کر آئیندہ کے لئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ بازار کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے ہر بازار کیلئے الگ چوکیدار رکھا جائے گا۔اور پولیس ڈیپارٹمنٹ سے مطالبہ کیاگیا کہ بازار میں چوکیداروں کی تعیناتی تک چترال بازار میں پولیس گشت کو بڑھایا جائے تاکہ بازار میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو اور اس کے ساتھ ساتھ بازار کے مختلف مرکزی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوارواقعہ کی روک تھام ممکن بنایا جاسکے۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ سے پر زور مطالبہ کیاگیا کہ بازار کے مسائل کے مستقل حل کو ممکن بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کا مشترکہ اجلاس بلاکر زمہ داریوں کا تعین کیا جائے اور ساتھ ساتھ ریسٹورنٹس اور تندور سے منسلک تاجروں کو نیا نرخنامہ جاری کیا جائے تاکہ مہنگائی کی وجہ سے متعلقہ دوکانداروں کو درپیش مسائل حل ہوسکیں۔
اجلاس نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ سردیوں کی آمد سے پہلے چترال بازار میں سوختنی لکڑی کی فراہمی کو مناسب قیمت پر دستیابی کو ممکن بنایاجائے تاکہ آنے والے سردیوں میں عوام کو لکڑی کی دستیابی کے حوالے سے پریشانی نہ ہو۔
اخیر میں اجلاس میں تاجروں پر زور دیاگیا کہ بازار میں نئے آنے والے لوگوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو روکا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں