296

جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما حسین زرین چارویلو نے پارٹی کی سینئر قیادت سے دلبرداشتہ ہوکر تحصیل موڑکھوتورکھو کے تحصیل چیرمین شپ میں پی ٹی آئی کے امیدوار میر جمشید الدین کی حمایت کا اعلان

چترال (نمائندہ ) تحریک نوجوانان تورکھو و اینڈ تریچ کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما حسین زرین چارویلو نے پارٹی کی سینئر قیادت سے دلبرداشتہ ہوکر تحصیل موڑکھوتورکھو کے تحصیل چیرمین شپ میں پی ٹی آئی کے امیدوار میر جمشید الدین کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ تورکھو اور تریچ کے تین یونین کونسلوں پر مشتمل تحصیل تورکھو کا قیام، تورکھو روڈ کی تکمیل اور علاقے میں روزانہ 18گھنٹوں پرمحیط بجلی کی لوڈ شیڈنگ اس علاقے کے بنیادی مسائل تھے، جنہیں پی ٹی آئی کی قیادت نے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جمعرات کے روز چترال پریس کلب مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں میر ظفر، شیر محمد اور نصیر احمد کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ 2006ء سے جے یو آئی کا عہدیدار رہے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا لیکن پارٹی کے رہنماؤں نے ہمیشہ ان کی خلوص اور قربانیوں کو نظر انداز کیا اور آنے والی بلدیاتی انتخابات میں تحصیل چیرمین شپ کے لئے ٹکٹ دینے میں کارکنوں کو مکمل طور پر مایوس کیا اور صوبائی نظم کو بھیجے گئے آٹھ ناموں کو نظر انداز کردئیے گئے جن میں میرا نام بھی شامل تھا۔ انہوں نے کہاکہ ان حالات میں انہوں نے جے یو آئی سے راہیں جدا کرنے اور وقتی طور پر علاقے کی بہترین مفاد میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا جس میں ان کے سینکڑوں حامی بھی شامل ہیں۔ حسین زرین چارویلو نے کہاکہ تورکھو اور تریچ کی تقریباً ڈیڑھ لاکھ کی آبادی میں پی ٹی آئی کے سوا کسی سیاسی پارٹی نے اپنے کارکن کو ٹکٹ نہیں دیا اور یہ علاقے کے عوام پر فرض ہے کہ وہ بھی اس امیدوار کو کامیاب کرے تاکہ ان کے چیدہ مسائل حل ہوسکیں جوکہ گزشتہ 70سالوں سے حل طلب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس نے تحریک تحفظ حقوق سب ڈویژن مستوج کے پلیٹ فارم پر بھی جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے اپنے پسماندہ علاقے کے لئے بھر پور جدوجہد کرتا رہا ہے اور پی ٹی آئی کے نامز د امیدوار کی حمایت میں بھی علاقے کا مفاد کارفرما ہے جبکہ اپنی سیاسی مستقبل کا فیصلہ وہ بلدیاتی انتخابات کے بعد ہی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے پہلے ہی تورکھو اور تریچ کے تین یونین کونسلوں کا دیرینہ مسئلہ تورکھو روڈ پر استارو گاؤں میں پل کامسئلہ حل کردیا ہے اور باقی تین آر سی سی پلوں اور سڑک کو بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں