265

چترال میں پہلی مرتبہ پرائیویٹ سیکٹر میں سیاحوں کو رہنمائی سمیت مختلف سہولیات کی فراہمی کے لئے ‘چترال ٹورسٹ فسیلیٹیشن سنٹر ‘کا قیام

چترال (نمائندہ   ) چترال میں پہلی مرتبہ پرائیویٹ سیکٹر میں سیاحوں کو رہنمائی سمیت مختلف سہولیات کی فراہمی کے لئے ‘چترال ٹورسٹ فسیلیٹیشن سنٹر ‘کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ چترال آنے والے ملکی اور غیرملکی ٹورسٹ نہ صرف سیاحتی مقامات کے بارے میں تفصیلی اور درست معلومات حاصل کرسکیں بلکہ انہیں مناسب دام پر قیام وطعام اور موٹر گاڑیوں کی سہولیات مہیا کیا جاسکے جس سے علاقے میں سیاحت کو فروع حاصل ہوگی۔ چترال کے معروف سینئر وکیل عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جس نے فیتہ کاٹ کر سنٹر کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے ٹورسٹ سنٹر کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ چترال میں ٹورزم کو درست سمت میں ڈالتے ہوئے ترقی سے ہمکنار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ پائیدار بنیادوں پر استوار ہوسکے۔ انہوں نے چترال میں سیاحت کے سیکٹر کو ترقی دینے میں سنٹر کے مالک خالد محمود کی کاوشوں کو سراہا۔ معروف سیاسی وسماجی رہنما نوراحمد خان چارویلو نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں سیاحت کی اہمیت اور چترال میں اس کی ترقی کے امکانات پر روشنی ڈالی اور اس سنٹر کو وقت کا تقاضا اور چترال کے لئے خدمت قرار دیا۔ تقریب میں ایس آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر طارق احمد،ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ایل ایچ وی پروگرام ڈاکٹر ضیاء اللہ خان، ایڈمن افیسر ایس آر ایس پی شیر حکیم خان، چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین، پی ٹی آئی کے رہنما سجاد حسین شاہ، پی ٹی ڈی سی کے سابق منیجر امیر خان، ادبی شخصیت شاہ جہان اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں