326

خیبرپختونخوا کی اقلیت ہر پلیٹ فارم پر مسلمانوں کے ساتھ یکجا ہے….معاون خصوصی وزیر زادہ،

پشاور   /محکمہ اوقاف خیبرپختونخوا کی جانب سے بہائی کمیونٹی خیبر پختونخوا کے لئے پشاور میں بہائی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، بہائی فیسٹیول میں مظفر آباد، اسلام آباد اور صوبہ بھر سے بہائی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی،فیسٹیول میں مسلمان، ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ صوبائی محتسب رخشندہ ناز نے فیسٹیول میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی انکے ساتھ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ، ایم پی اے روی کمار، ولسن وزیر، رنجیت سنگھ اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوئے۔رخشندہ ناز نے فیسٹیول سے اپنے خطاب میں کہا کہ دیکھیں یہ خیبر پختونخوا ہے جہاں تمام مذاہب ایک چھت تلے ایک ہال میں موجود ہیں جو صوبائی حکومت کی کامیابی کی نشانی ہے۔ اس موقع پر رخشندہ کا مزید کہنا تھا کہ برداشت اور مذہبی آزادی امن کی ضامن ہے۔فیسٹیول سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی وزیر زادہ نے کہا ہم وزیراعلیٰ محمود خان کے مشکور ہیں جنکی بدولت آج خیبرپختونخوا کی اقلیت ہر پلیٹ فارم پر مسلمانوں کے ساتھ یکجا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ بہائی کمیونٹی کو بہائی فیسٹیول پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی اقلیتی برادری کیلئے سکول سطح سے لیکر پی ایچ ڈی سطح تک سکالرشپ کا اجراء اور ڈھائی کروڑ کی لاگت سے پشاور میں سکھوں کیلئے مخصوص سکول تعمیر کررہے ہیں۔ ایم پی اے روی کمار نے بہائی فیسٹیول سے اپنی تقریر میں کہا کہ چیئرمین عمران خان کے وژن ریاست مدینہ کی بدولت آج ہم ایک ساتھ ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی اقلیتی برادری چیئرمین عمران خان کی ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں