اسلام آباد میں نوجوان پر فائرنگ کا واقعہ، ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکا

اسلام آباد (شجاعت علی بہادر ) وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی-9 (کراچی کمپنی) میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان کے مقدمے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی، جس پر واقعے کی تفتیش اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 30 جنوری 2026 کی رات جی-9 مرکز میں واقع کراچی کمپنی پولیس اسٹیشن سے تقریباً دو سو میٹر کے فاصلے پر نامعلوم افراد نے چترال اپر سے تعلق رکھنے والے نوجوان عالمگیر نواز پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
زخمی نوجوان کو فوری طور پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تقریباً آٹھ گھنٹے طویل آپریشن کے بعد ان کی جان بچا لی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق نوجوان ایک ہفتے تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج رہے جس کے بعد انہیں وارڈ منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق قریبی دکان Punjab Cash & Carry کے سی سی ٹی وی کیمروں سے مبینہ حملہ آور کی ویڈیو بھی حاصل کی گئی ہے۔
تاہم واقعے کے کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
شہری حلقوں نے واقعے کی شفاف اور تیز رفتار تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت میں پیش آنے والے اس نوعیت کے واقعات میں فوری پیش رفت عوام کے اعتماد کے لیے ضروری ہے۔
اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی اور اسلام آباد پولیس سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔



