کالاش کمیونٹی کی طرف سے ڈی پی او چترال لوئر کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی لیٹر پیش ۔ ڈی پی او نے وفد کا شکریہ ادا کیا ۔

چترال ( نامہ نگار) سرکاری سطح پرملازمین یا عوامی نمایندگان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں حسن کارکردگی اورحوصلہ افزائی کے سرٹفیکیس کی تقسیم کوئی انہونی بات نہیں ہے ۔ اس کےمقابلے میں کسی ادارے کے سربراہ کے کام اور خدمات سےمطمئن ہونا اور اس کے اعتراف میں اپنی کمیونٹی کے نمایندےکی حیثیت سے حوصلہ افزائی کا خط پیش کرناکئی گنا اہمیت کی حامل ہے۔ اور یہ ادارےکے سربراہ کیلئے کسی تمغے سےکم نہیں ہے ۔ کیونکہ ہمارے معاشرےمیں شایدہی کسی آفیسر کی کارکردگی سےعوام مطمئن ہیں۔ ایسےمیں چترال کے قدیم تہذیب و ثقافت کے حامل کالاش قبیلےکی نمایندگی کرنےوالےتحصیل کونسل کے اقلیتی ممبر انت بیگ کی قیادت میں وادی بریرکے عمائدین کالاش قاضی میر بادشاہ ، سوشل ورکر شمس الربی اور رحمت علی پر مشتمل ایک وفد نے نہ صرف ڈی پی او چترال سونیہ شمروز سے ان کے آفس میں ملاقات کرکے بالمشافہ ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ بلکہ ایک خط کالاش کمیونٹی کی طرف سےبطور حسن کارکردگی ایوارڈ گذشتہ روز ان کی خدمت میں پیش کی ۔ جس میں اس امر کا اظہارکیا گیا ہے ۔ کہ چترال پولیس خصوصا ٹورزم پولیس آپ کی قیادت میں کالاش ویلیز میں منعقدہونے والے قدیم کالاش فیسٹول کے انعقادکے موقع پر سیاحوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں سہولیات فراہم کرنےمیں بھی بھر پورمدد فراہم کر رہا ہے۔ جس کی بدولت سیاحت کو روز افزوں ترقی مل رہی ہے ۔ اور یہ آپ کی ہدایات اوربہترین رہنمائی کی مرہون منت ہے ۔ جس کےلئے ہم آپ کوخراج تحسین پیش کر تےہیں۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولیس کی طرف سے اقلیتی برادری کے مسائل حل کرنےپر بھی بھر پور توجہ دی جاتی ہے۔ خصوصا امن و امان کو برقرار رکھنے میں پولیس کا کردار انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ خط میں اس امر کا بھی اظہار کیا گیا ہے ۔ کہ پولیس کو جب بھی اقلیتوں کے حوالے سےکسی خد مت کی ضرورت ہو ۔ تو انہیں حاضر پائیں گے ۔ ڈی پی او لوئر چترال سونیہ شمروز خان نے کالاش وادی کے لوگوں خصوصا کالاش کمیونٹی کے نمایندوں کی طرف سےان کی کارکردگی پر اطمینان کے اظہارکو اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیا ۔ اور کہا ۔ کہ خدمات ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اس کےباوجود اگر کمیونٹی مقام دیتی ہے۔ تو یہ ہمارےلئے بہت خوشی کی بات ہے ۔ جس کیلئے ہم کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔



