نگراں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ آزادی کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام اس کی مکمل حمایت کا اعادہ

نگراں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ آزادی کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام اس کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ کشمیر کی آزادی تک ہم اپنے کشمیری بہن ، بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ محمد اعظم خان نے کہاکہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ، کشمیریوں کی قربانیوں کو خرا ج تحسین پیش کرنااور آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے اتوار کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گور نر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی، صوبائی وزراء، حریت رہنما عبد المجید اور داﺅد یوسفزئی ، سرکاری حکام ، سول سوسائٹی ، میڈیا نمائندوںاور طلبہ کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔تقریب کے شرکاءنے بینرز اُٹھارکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع کے عوام نے کشمیری عوام کا بھر پور ساتھ دیا ہے اور دیتے رہیں گے ، موجودہ آزاد کشمیر کو آزاد کرانے میں خیبرپختونخوا اور قبائلی عوام کا اہم کردار رہا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ متعدد اہم عالمی تنظیموں نے بھی کشمیری عوام کے حق میں آواز اُٹھانا شروع کردی ہے جو خوش آئند بات ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بھارت کے اس غاصبانہ قبضے کے خلاف اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے برسرپیکار ہیں اور اس جدوجہد میں کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام نے قربانیوں کی جو لازوال داستانیں رقم کی ہیں دُنیا کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ کشمیری عوام جس ثابت قدمی ، جرا¿ت، دلیری اور جوانمردی سے اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں ہم اُنہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ آزادی کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے جسے بھارت کے ریاستی جبر و تشدد کے ذریعے کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا۔ وزیراعلیٰ نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموںسے بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہیئے کہ وہ کشمیر کے اس دیرینہ مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے ۔ گورنر خیبرپختونخوا ، حریت رہنما اور دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔



